جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں افغان شہریوں کی جانب سے پاکستانی قونصل خانے پر پتھراؤ کیا گیا اور پاکستانی پرچم اتارنے کا افسوسناک واقعہ بھی پیش آیا ہے۔ پاکستانی سفارتی حکام نے فرینکفرٹ میں پیش آئے افسوسناک واقعے پر جرمن وزارت خارجہ سے احتجاج کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان شہریوں نے فرینکفرٹ میں احتجاج کے دوران پاکستانی قونصل خانے پر دھاوا بولا، پتھراؤ کیا اور پاکستانی پرچم بھی اتارا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، رپورٹس کے مطابق افغان باشندوں نے پاکستانی پرچم جلانے کی کوشش بھی کی۔
مزید پڑھیں:افغانستان: بامیان میں داعش کا حملہ، 3 ہسپانوی سیاح ہلاک
پاکستانی حکام کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سفارتی تنصیبات کی سیکیورٹی کی ذمہ داری جرمن حکومت کی ہے، اس معاملے پر بین الاقوامی برادری میں بھی سفارتی تنصیبات کی سیکیورٹی کے معاملے پر تشویش پائی جاتی ہے۔
فرینکفرٹ میں جرمن حکام کی جانب سے پاکستانی سفارتی حکام کو مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمن حکام نے سوشل میڈیا پر معاملے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا ہے جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
We condemn reprehensible vandalising act @pakinFrankfurt by miscreants on 20 July 2024. We are in contact with 🇩🇪 authorities to ensure such a situation doesn’t arise again & the miscreants face legal consequences. We appeal to our community to be patient & calm@ForeignOfficePk
— Pakistan Embassy Germany (@PakinGermany_) July 21, 2024
جرمنی میں پاکستانی سفارتخانے نے ایکس پوسٹ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم 20 جولائی 2024 کو شرپسندوں کی طرف سے سفارتخانے پر دھاوا بولنے اور توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے جرمن حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں کہ ایسی صورتحال دوبارہ پیدا نہ ہو اور شرپسندوں کو قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے۔ ہم پاکستانی برادری سے پرسکون رہنے کی اپیل کرتے ہیں۔