جذبات میں کہہ گیا تھا کہ 6 مہینے میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف

اتوار 21 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ماضی میں وہ جذبات میں کہہ گئے تھے کہ 6 مہینے میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا، جس پر میرا بہت مذاق اڑایا گیا، لیکن ہم نے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا۔

اسلام آباد میں جناح میڈیکل کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم سب کو اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لاناچاہیے، اسلام آباد میں آج جناح میڈیکل سینیٹر کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔

اسپتال کے لیے تکنیکی معاونت آغا خان فاؤنڈیشن نے دی

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر پرنس رحیم آغا خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آغا خان فاؤنڈیشن نے اس اسپتال کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کی ہے، اسپتال کے تکنیکی معاملات پر حکومت پاکستان کے کوئی اخراجات نہیں آئے۔

انہوں نے کہا کہ اس اسپتال کی زمین کا رقبہ 600 کنال تھا، حکومت نے اس کے ساتھ متصل 200 رقبے پر محیط کمرشل سینٹر بھی اس میں شامل کرلیا ہے، اس رقبے پر اسپتال کا ٹرسٹ بنے گا، کمرشل سینٹر کی ساری آمدن اس ٹرسٹ میں جائے گی۔

’ غریب کا علاج 100 فیصد ہوگا‘

شہباز شریف نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف اسلام آباد اور راولپنڈی کےلیے نہیں ہے، اس سے سےدیگر علاقوں کے لوگ بھی مستفید ہوں گے، میڈیکل سینٹر میں نرسنگ اسکول اور لیبارٹریز بنیں گی، غریب کا علاج 100 فیصد ہوگا، غریب کاحق ہےکہ صحت اورتعلیم کی سہولت ان کی دہلیز پر دی جائیں، جدید ترین سہولیتیں اس اسپتال میں ہوں گی، عوام کی ترقی کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

’نام نہاد منصف نے سازش کرکے پی کے ایل آئی کو تباہ کرنے کی کوشش کی‘

وزیراعظم نے کہا کہ پی کے ایل آئی کے بورڈ کو کس طرح تباہ کیا گیا، نام نہاد منصف نے سازش کرکے پی کے ایل آئی کو تباہ کرنے کی کوشش کی، سازش کرکے پی کے ایل آئی کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی، پی کے ایل آئی میں ہزاروں مفت آپریشن ہوچکے، کورونا کے دنوں میں یہ پی کے ایل آئی مرکز صحت بن گیا تھا۔

’جذبات میں کہہ گیا کہ 6 ماہ میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگا‘

ملک میں بجلی کا بحران تھا تو جذبات میں کہہ گیا کہ 6 ماہ میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگا، میرا بہت مذاق اڑیا گیا، میں نے اللہ سےدعا کہ تو ہی عزت رکھنے والا ہے تو پھر آپ نے دیکھا ملک بھر میں جاری 20، 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp