وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بنوں واقعہ پی ٹی آئی نے خود کیا، خیبرپختونخوا حکومت کیسے انکوائری کرسکتی ہے، ان کی کوشش تھی کہ واقعے کا الزام فوج پر لگ جائے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہاکہ پی ٹی آئی ایک دہشتگرد جماعت ہے جسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، پیپلزپارٹی سے اس معاملے پر مشاورت جاری ہے جبکہ آرٹیکل 6 کے معاملے پر انہوں نے حکومت کا ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی پر پابندی: آئین پڑھ لیا جاتا تو حکومت کے خلاف شور نہ مچتا، رانا ثنااللہ
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے ملک میں ہمیشہ انتشاراور تشدد کی سیاست کی، عدم استحکام پیدا کرنا ہی ان کا منشور ہے، 2014 میں دھرنے کے دوران پی ٹی وی پر حملے اور توڑ پھوڑ کے بعد مبارکبادیں دی گئیں۔
پی ٹی آئی کو ہمیشہ لاشوں کی تلاش ہوتی ہے
وزیر اطلاعات نے کہاکہ یہ لوگ ہمیشہ لاشوں کی تلاش میں رہتے ہیں، ان کی کوشش رہی کہ اپنے لوگوں کو مروا کرالزام حکومت پر لگایاجائے۔
انہوں نے کہاکہ بنوں میں تاجروں کا امن مارچ تھا، اس میں سیاسی جماعتوں کے لوگ شامل ہوئے، اور وہاں پی ٹی آئی نے لوگوں کو تشدد پر اکسایا۔
امن مارچ میں موجود شرپسند عناصر نے فائرنگ کی
عطا تارڑ نے کہاکہ امن مارچ میں موجود کچھ شر پسند عناصر نے اس جگہ پر جاکر فائرنگ کی جہاں کچھ روز قبل دہشتگردی کا واقعہ پیش آیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں بنوں میں سیکیورٹی فورسز پر خودکش حملہ کرنے والا افغان شہری نکلا
وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان کو جیل میں جدید سہولیات میسر ہیں، حکومت نے انہیں جیل میں اذیت پہنچانے کا کوئی حکم نہیں دیا۔
عطا تارڑ نے کہاکہ جرمنی میں پاکستانی قونصلیٹ پر حملے کے واقعہ پر دفترخارجہ نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے، اور جرمن حکام سے کہا ہے کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی پر پابندی: پی پی اور ن لیگ کا مشاورتی اجلاس، معاملہ پارلیمان میں اٹھانے پر اتفاق
جرمنی واقعہ میں کوئی پاکستانی ملوث ہوا تو پاسپورٹ منسوخ کریں گے
انہوں نے کہاکہ ہم سبز ہلالی پرچم کا دفاع کرنا جانتے ہیں، اگر اس واقعہ میں کوئی پاکستانی ملوث ہوا تو اس کا پاسپورٹ منسوخ کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اسد قیصر ہوا میں تیر نہ چلائیں، بتائیں کہ ان کے ایم این ایز سے کون رابطہ کررہا ہے۔
ملک کو ڈیل ریل کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی ملک کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، ہم وطن کا تحفظ کرنا جانتے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں دہشتگردوں کو افغانستان سے واپس لاکر یہاں بسایا جس کی وجہ سے آج دہشتگردی ہورہی ہے۔
انٹرنیٹ سروس کی بندش سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں عطااللہ تارڑ نے کہاکہ انٹرنیٹ کا معاملہ عالمی سطح پر پیش آیا ہے، حکومت کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔