وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ چینی بجلی گھروں کو کہا جائے گا کہ وہ درآمدی کے بجائے تھر کا کوئلہ استعمال کریں، کیونکہ ایسا کرنے سے بجلی کی قیمت پر بہت بڑا اثر پڑےگا۔
غیرملکی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چینی بجلی گھروں کی جانب سے تھر کا کوئلہ استعمال کرنے سے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ بھی کم ہوگا اور یہاں پر لگے چینی پاور پلانٹس کو بھی فائدہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں بجلی کی فی یونٹ پیداواری قیمت کیا ہے؟ وزیرتوانائی نے بھید کھول دیا
اویس لغاری نے کہاکہ تھر کا کوئلہ استعمال کرنے سے پاکستان کو درآمدات کی مد میں سالانہ 200 ارب روپے سے زیادہ کی بچت ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت سالانہ 100 ارب روپے کا گردشی قرضہ کم کرنے کے لیے اسٹرکچرل ریفارمز لارہی ہے، چین سے توانائی قرضے کی ری پروفائلنگ پر رواں ماہ بیجنگ میں بات ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے فی یونٹ ٹیرف میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری
واضح رہے کہ ملک میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عام آدمی شدید پریشانی کا شکار ہے۔ گزشتہ روز نواز شریف نے بھی کہا تھا کہ بجلی کا بل ادا کرنا ہر کسی کے لیے مشکل ہوگیا ہے۔