خود کو سرکاری اہلکار ظاہر کرکے مسلح ہوکر گھومنے والے افراد کو گرفتار کیا جائے، وزیراعلیٰ کے پی کا پولیس کو حکم

اتوار 21 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ خود کو سرکاری اہلکار ظاہر کرکے مسلح ہوکر گھومنے والے افراد کو گرفتار کیا جائے۔

اپنے ایک بیان میں علی امین گنڈاپور نے کہاکہ ہماری حکومت بننے کے بعد پہلے ایپکس کمیٹی اجلاس میں واضح طور پر میں نے یہ تحفظات سامنے رکھے تھے کہ یہ لوگ سرکاری و غیر سرکاری معاملات میں مداخلت کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں میرے محافظو! ہمارے اور مینڈیٹ چوروں کے درمیان مت آؤ، علی امین گنڈاپور

انہوں نے کہاکہ ہمارے یہ تحفظات کئی سالوں سے ہیں، اس لیے صوبے کے عوام سے میری اپیل ہے کہ وہ بھی ایسے عناصر کی نشاندہی کریں۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ پولیس ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے اور جہاں ان کے ٹھکانے ہیں وہ خالی کروائے۔

بنوں واقعہ کے بعد معاملے کو حل کرانے پر مشران اور پارٹی ذمہ داران کا مشکور ہوں

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ گزشتہ روز بنوں واقعہ کے بعد انتظامیہ کے ساتھ مل بیٹھ کر بات چیت کے ذریعے معاملے کو حل کرنے پر میں بنوں کے مشران، اپنی پارٹی کے ذمہ دران اور دیگر تمام لوگوں کا مشکور ہوں۔

انہوں نے کہاکہ آج علاقے کے مشران نے معاملے پر ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، یہ کمیٹی کل مجھ سے مل کر معاملے پر بات کرے گی۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ ہم عوامی لوگ ہیں، ہمیشہ عوام کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے۔ ہم لوگوں کے تحفظات دور کریں گے اور ان کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

دہشتگردی کے خلاف جنگ عوام کے تعاون کے بغیر نہیں جیتی جاسکتی

انہوں نے کہاکہ بحیثیت حکومت یہ ہماری ذمہ داری اور عوام کا حق ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ عوام کے تعاون کے بغیر نہیں جیتی جاسکتی۔

یہ بھی پڑھیں آرمی چیف سے ملاقات نہیں ہوئی لیکن ملنا چاہتا ہوں، علی امین گنڈا پور

انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فوج، پولیس اور عوام نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینے والوں اور ان کے خاندان والوں کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ فوج، پولیس اور عوام کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ ہم سب نے مل کر دہشتگردی کا مقابلہ کرنا ہے اور اس صوبے میں امن قائم کرنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp