بائیڈن امریکی تاریخ کا واحد بدترین صدر، کملا ہیرس کو شکست دینا آسان ہوگا: ڈونلڈ ٹرمپ

پیر 22 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بائیڈن امریکی تاریخ کا واحد بدترین صدر ہے۔ نائب صدر کملا ہیرس کو صدارتی الیکشن میں شکست دینا بائیڈن کے مقابلے میں اور آسان ہوگا۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا سائیت پر جوبائیڈن کو بددیانت قرار دیتے ہوئےکہا کہ بائیڈن صدر بننے کی دوڑ میں شامل ہونے کے بالکل اہل نہیں تھے، انہوں نے صرف جھوٹ اور جعلی خبروں کے باعث یہ عہدہ حاصل کیا تھا۔ ان کے آس پاس موجود لوگ جن میں ان کے ڈاکٹر اور میڈیا کے نمائندے شامل ہیں وہ جانتے تھے کہ بائیڈن صدر بننے کے قابل نہیں۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اب دیکھ لیں کہ بائیڈن ہمارے ملک کو کیا نقصان پہنچا چکے ہیں، لاکھوں لوگ سرحد عبور کرکے بغیر کسی جانچ پڑتال کے ہمارے ملک میں داخل ہو رہے ہیں جن میں بہت سے جیلوں سے نکل کر آئے ہیں تو کوئی مینٹل ہاسپٹل سے آیا ہے اور بہت سے دہشت گرد بھی ہیں۔

مزید پڑھیں:امریکی صدر جوبائیڈن صدارتی دوڑ سے دستبردار، امیدوار کے لیے کاملہ ہیرس کی حمایت کریں گے

ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ بائیڈن کے صدر بننے کی وجہ سے ہمیں بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا، لیکن ہم اس نقصان کا جلد ازالہ کریں گے اور امریکا کو دوبارہ عظیم بنائیں گے۔

واضح رہےکہ امریکی صدر جو بائیڈن نے 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات کی دوڑ سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں جوبائیڈن نےکہا کہ بقیہ مدت صدر کے طور پر فرائض کی تکمیل پر توجہ دوں گا۔

جوبائیڈن نے کہا کہ اپنے فیصلے کے بارے میں اس ہفتے قوم سے بات کروں گا، میری دستبرداری پارٹی اور ملک کے بہترین مفاد میں ہے۔ بائیڈن نے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار کے لیے موجودہ امریکی نائب صدر کملا ہیرس کی مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا ہے۔

مزید پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ جمہوریت کے لیے خطرہ ہیں، امریکی صدر جو بائیڈن کا اصرار

جو بائیڈن کا یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب ڈیموکریٹک قانون سازوں اور پارٹی عہدیداروں کی جانب سے ری پبلکن حریف سے مباحثے میں بائیڈن کی ناقص کارکردگی کے بعد ان پر صدارتی دوڑ سے دستبردار ہونے کا دباؤ تھا۔ ڈیموکریٹک کانگریس کے درجنوں ارکان، گورنرز اور حکام نے ہیرس کو صدارتی امیدوار بنانے کی حمایت کی ہے۔

کانگریس کے بہت سے ڈیموکریٹس نے 81 سالہ بائیڈن پر زور دیا تھا کہ وہ گزشتہ ماہ ریپبلکن حریف 78 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مباحثے کی کمزور کارکردگی کے بعد دوڑ سے دستبردار ہو جائیں۔ جو بائیڈن، جنہوں نے اس سے قبل اپنی دوبارہ انتخابی مہم ترک کرنے کے مطالبے کو مسترد کر دیا تھا، کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بقیہ مدت پوری کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp