’دی سمپسنز‘ نے امریکی صدارت کے لیے کملا ہیرس کی پیش گوئی کی تھی؟

منگل 23 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دنیا بھر میں بہت سے واقعات میں پہلے بھی ایسا ہوا ہے اور اس مرتبہ بھی مشہور اینیمیٹڈ سیریز ’دی سمپسنز‘ کا حوالہ سامنے آیا ہے۔ اس بار یہ حوالہ امریکی نائب صدر کملا ہیرس کے امریکی صدارت کے لیے امیدواری کے حوالے سے ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے دوسری مدت کے لیے صدر بننے کی اپنی امیدواری سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے نائب صدر کملا ہیرس کو بطور صدر امیدوار بنانے کی حمایت کی تھی۔

متعدد امریکی سوشل میڈیا صارفین نے The Simpsons سیریز کے کلپس شیئر کیے ہیں جن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ سیریز کی جانب سے شروع کی گئی متنازع پیش گوئیوں کی نئی قسط میں امریکی صدارت کے لیے کملا ہیرس کی امیدواری کی پیش گوئی بھی کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں:بائیڈن امریکی تاریخ کا واحد بدترین صدر، کملا ہیرس کو شکست دینا آسان ہوگا: ڈونلڈ ٹرمپ

برطانوی اخبار ’دی انڈیپنڈنٹ‘ کے مطابق وائرل کلپس سیزن 11 کی ایک قسط سے لیے گئے ہیں۔ اس قسط کا عنوان ’بارٹ ٹو دی فیوچر‘ تھا۔ اس میں لیزا سمپسن کا کردار امریکا کے صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد نظر آیا تھا۔ اس منظر میں لیزا سمپسن نے کملا ہیریس کے لباس سے بہت ملتے جلتے کپڑے پہن رکھے تھے۔ کملا نے یہ لباس 2021 میں امریکی صدر جو بائیڈن کے صدر بننے کی تقریب میں پہنا تھا۔ یہ قسط سن 2000 میں دکھائی گئی تھی۔

مزید پڑھیں:امریکی صدر جوبائیڈن صدارتی دوڑ سے دستبردار، امیدوار کے لیے کاملہ ہیرس کی حمایت کریں گے

ادھر ’دی سمپسنز‘ کے مصنف ال جین نے ایکس پر لیزا سمپسن کی تصویر کے ساتھ ہیریس کی ایک تصویر شیئر کی اور اس تصویر کو عنوان دیا ہے کہ سمپسن کی پیش گوئی، جس کا حصہ بننے پر مجھے فخر ہے۔

ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے کہ ’دی سمپسنز‘ سیریز نے اہم سیاسی واقعات کی پیش گوئی کی ہے۔ اس سے قبل 2017 میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت اور کیپیٹل ہل میں ہنگامے کی پیش گوئی بھی کی گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp