پی ٹی آئی کا ملک میں فوری نئے انتخابات کا مطالبہ، عمران خان کی رہائی تک بھوک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان

منگل 23 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا عمران خان کی رہائی کے لیے بھوک ہڑتالی کیمپ پارلیمنٹ کے باہر جاری ہے، اور یہ کہا گیا ہے کہ روزانہ 3 بجے سے 7 بجے تک علامتی بھوک ہڑتال کی جائے گی۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، اسد قیصر، شبلی فراز اور دیگر رہنماؤں نے آج بھوک ہڑتالی کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک میں نئے انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں ’3 سے 7 تو ویسے بھی کھانے پینے کا ٹائم نہیں ہوتا‘، پی ٹی آئی کی بھوک ہڑتال مذاق بن گئی

ہمارے ارکان اسمبلی کو اٹھایا جارہا ہے، بیرسٹر گوہر

بیرسٹر گوہر نے کہاکہ ہم عمران خان کی رہائی تک روزانہ کی بنیاد پر احتجاج کریں گے، آج اسپیکر سے مل کر انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے کہ ہمارے ارکان اسمبلی کو اٹھایا جارہا ہے اور ان کے خاندان کو بھی پریشان کیا جاتا ہے۔

فارم 47 کی حکومت کے رہنے کا کوئی جواز نہیں، عمر ایوب

اس موقع پر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہاکہ فارم 47 کی حکومت کے رہنے کا کوئی جواز نہیں، یہ مستعفی ہوں اور ملک میں صاف و شفاف انتخابات کرائے جائیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے عمران خان کو ہاتھ جوڑ کر کہاکہ آپ جیل میں بھوک ہڑتال نہ کریں۔

انہوں نے کہاکہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانے تک ملک بحران سے نہیں نکلے گا، بھوک ہڑتال ہماری سیاسی جدوجہد کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ فارم 47 حکومت کی کشتی میں اتنا پانی آچکا ہے کہ اب ان کا بچنا ممکن نہیں۔

بھوک ہڑتالی کیمپ ڈویژنز تک لے کر جائیں گے، شبلی فراز

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ بھوک ہڑتالی کیمپ ڈویژنز تک لے کر جائیں گے، ہم کسی صورت عمران خان کے کاز کو بھولنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں ڈیجیٹل دہشتگرد کہنے والے یاد رکھیں کہ ہمیں پاکستان سے محبت کا مینڈیٹ 8 فروری کو ملا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ اس حکومت نے عوام کو مہنگائی کے عذاب میں جھونک دیا ہے، ہم جمعے کو ملک بھر میں پرامن احتجاج کریں گے۔

مریم نواز کے عدلیہ کے بارے میں توہین آمیز الفاظ قابل مذمت ہیں، اسد قیصر

اس موقع پر سابق اسپیکر اسد قیصر نے کہاکہ منتخب ارکان اسمبلی کے ساتھ جو کچھ کیا جارہا ہے جمہوریت میں اس کی گنجائش نہیں، حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہ آئی تو احتجاج کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور عوام کے حقیقی مسائل کی طرف توجہ دے، کیا یہ ملک طاقت کے زور پر چلایا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ مریم نواز کے عدلیہ کے بارے میں توہین آمیز الفاظ کی مذمت کرتے ہیں، اس وقت ملک میں انارکی پھیلائی جارہی ہے۔

اسد قیصر نے کہاکہ اگر یہ سمجھتے ہیں کہ ہم ان کی بدمعاشی سے ڈر جائیں گے تو یہ ان کی بھول ہے۔

انہوں نے کہاکہ بتایا جائے کس قانون کے تحت پی ٹی آئی سیکریٹریٹ پر حملہ کیا گیا، ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ ملک میں 2 سال سے فسطائیت کا راج ہے۔

صاحبزدہ حامد رضا نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے سوال پوچھ لیا

سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہاکہ ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے تھے، کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔

انہوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر سوال کیاکہ آپ کے بقول ڈیجیٹل دہشتگرد کا کوئی پتا نہیں ہوتا کہ وہاں کہاں ہے، مسلمان بھی ہے یا نہیں، تو پھر یہ کیسے طے کرلیا کہ وہ سب ہم ہیں؟

ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے والوں کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی، علامہ ناصر عباس

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ ناصر عباس نے کہاکہ ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے والوں کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے نوجوانوں کو میدان میں نکلنا پڑے گا، جمعہ کے روز عوام پاکستان کی خاطر احتجاج میں شریک ہوں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp