مولانا ہدایت الرحمان کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس سے کیوں نکالا گیا؟

بدھ 24 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان اسمبلی کا گزشتہ روز ہونے والا اجلاس اس وقت ہنگامہ خیز ہوگیا جب پاکستان پیپلز پارٹی کے سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر زراعت علی مدد جتک اور ’حق دو تحریک‘ کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان کے درمیان تند و تیز جملوں کا تبادلہ ہوا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان تلخ کلامی اس حد تک پہنچ گئی کہ علی مدد جتک حملہ کرنے کے لیے مولانا ہدایت الرحمان کی جانب بڑھے تاہم دیگر اراکین اسمبلی نے انہیں روک دیا۔

یہ بھی پڑھیں: اراکین بلوچستان اسمبلی اعتراف کرتے ہیں کہ وہ پیسے دے کر الیکشن جیتے، مولانا ہدایت الرحمان

 

دونوں اراکین کے درمیان گرما گرمی اس وقت پیدا ہوئی جب مولانا ہدایت الرحمان جرمنی میں پاکستانی پرچم کی بے حرمتی کے حوالے سے اظہار خیال کر رہے تھے۔

مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ وہ اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور آئندہ بھی ایسے واقعات کی مخالفت کریں گے، جس طرح اس واقعہ کے خلاف مشترکہ قردار لائی جارہی ہے، اسی طرح سریاب میں ہماری بہنوں کی جو چادریں کھینچی گئیں اس پر بھی مذمتی قرارداد آنی چاہیے۔

’شاید 2 یا 3 اجلاسوں کے بعد حزب اختلاف کی نشستوں پر جاکر بیٹھ جاؤں‘

انہوں نے کہا، ’میں حکومت کا حصہ ہوں مگر حکومت کا رویہ دیکھتے ہوئے شاید 2 یا 3 اجلاسوں کے بعد میں حزب اختلاف کی نشستوں پر جا کر بیٹھ جاؤں۔‘

ان کی اس بات پر اسپیکر کیپٹن ریٹائرڈ عبدالخالق اچکزئی نے کہا کہ آپ حکومت کا حصہ ہیں، صوبے میں وزیراعلیٰ آپ کے ہیں اور پولیس حکومت کی ماتحت ہے، پھر آپ کو شکوہ کس بات پر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کا مسئلہ محرومی نہیں شناخت ہے، بطور وزیراعظم فوج میری بات سنتی اور مانتی تھی، انوارالحق کاکڑ

اس موقع پر علی مدد جتک بولے، ’انتخابات کے دوران جب یہی ریلی سریاب روڈ سے گزر رہی تھی تو ہم نے احتراماً انتخابی دفاتر بند کیے مگر ان لوگوں نے ہمارے شہدا کی تصاویر کو پامال کیا مگر ہم نے اپنے لوگوں کو رد عمل دینے سے روکا، ماؤں بہنوں اور بھائیوں سے گزارش ہے کہ پر امن احتجاج کا راستہ اختیار کریں۔‘

اس دوران مولانا ہدایت الرحمان علل مدد جتک کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، جس پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ عبدالخالق اچکزئی نے مولانا ہدایت الرحمان کو ایوان سے نکال دیا، تاہم مولانا ہدایت الرحمان خود ہی ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp