یہ بانی پی ٹی آئی کو سزا دینے کا وقت ہے، مریم اورنگزیب

بدھ 24 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بانی چیئرمین تحریک انصاف نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں کوئی حیرانی نہیں ہوئی کہ 9 مئی کی کال انہوں نے دی تھی، جھوٹ نہیں بولا تو پولی گرافک ٹیسٹ کروانے سے کیوں گھبراتے ہیں، ملک کے ساتھ خطرناک کھلواڑ کو بند ہونا چاہیے، یہ بانی پی ٹی آئی کے اعتراف کا نہیں ان کو سزا دینے کا وقت ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کی بے تحاشا پریس کانفرنسز کا ریکارڈ 9 مئی کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کے سامنے پیش کیا گیا، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ 9 مئی کی کال عمران خان نے دی تھی، اس کے ثبوت پاکستانی عوام نے ٹی وی چینلز پر دیکھے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : لگتا ہے بانی پی ٹی آئی کو جیل میں مزید وقت گزارنا پڑے گا، رؤف حسن

مریم اورنگزیب نے کہا کہ معاملہ صرف 9 مئی کا نہیں ہے، 2014 سے ایک شخص نے اپنے عمل کے ذریعے ریاست پر چڑھائی کی، ریاست کے اوپر حملہ آور ہوا، 2014 میں ڈی چوک پر جمہوری حکومت کے خلاف قبریں کھودی گئیں، سپریم کورٹ کے باہر گندے کپڑے لٹکائے جاتے تھے، پولیس والوں کے سر پھاڑے گئے، منتخب وزیراعظم کو گھسیٹ کر ہاؤس سے باہر نکالنے کی کالز دی جاتی رہیں۔

’ملک کو جلانے کی تاریخیں دی جاتی رہیں کہ آج فیصل آباد جلا دوں گا، آج لاہور جلا دوں گا، آج کراچی جلا دوں گا، آج راولپنڈی، اسلام آباد جلا دوں گا، ہم نے جنگی حالات میں بھی نہیں دیکھا کہ پی ٹی وی کی نشریات کبھی بند ہوئی ہیں، اس گروہ نے عمران خان کے کہنے پر منصوبہ بندی کے تحت پی ٹی وی پر چڑھائی کی۔‘

یہ بھی پڑھیں : سانحہ 9 مئی: عمران خان کے احتجاج کی کال سے متعلق اعترافی بیان کی پارٹی میں مخالفت کیوں؟

صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ اعتراف جرم کا وقت نہیں ہے، یہ سزا دینے کا وقت ہے، یہ ایک بہروپیا ہے جس نے سیاست کا لبادہ اوڑھا ہوا ہے، 18 مارچ کے بعد کہا گیا کہ اسے کسی نے ہاتھ لگایا تو سخت ری ایکشن آئے گا، موصوف کہتے تھے اسے کسی نے ہاتھ لگایا تو چھوڑوں گا نہیں، انہوں نے سیاست کے نام کو گندا کیا ہے، 9  مئی کے ملزمان کو سزا دینے میں اتنی سستی کیوں کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زمان پارک میں معصوم لوگوں کو تربیت دی جاتی تھی کہ کیسے پیٹرول بم بنتا ہے، وہاں منصوبہ بندی ہوتی تھی کہ ریاست پر کس طرح حملہ آور ہونا ہے، 14 مارچ کو زمان پارک میں رینجرز کی گاڑیاں اور ایبولینسز جلائی گئیں، نیب عدالت کے باہر پتھراؤ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں :9 مئی والوں نے آج پارلیمنٹ کے اندر سے حملہ کیا، یہی ذہنیت ملکی ترقی میں رکاوٹ ہے، مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب نے کہا کہ جمہوری سیاسی جماعت اور دہشت گرد جماعت میں فرق ہے،   یہاں بیٹھ کر رونا شروع کر دیتے ہیں  کہ بھوک ہڑتال کر لیتے ہیں، پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا کا سینٹر نہیں ڈیجیٹل دہشت گردی کا سینٹر تھا، ملک کے ساتھ ایک خطرناک کھیل کھیلا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں میری گھڑی میری مرضی، انصاف کا نظام کہتا ہے ہاں تمہاری گھڑی تمہاری مرضی، آپ نے جھوٹ نہیں بولا تو پولی گرافک ٹیسٹ کروانے سے کیوں گھبراتے ہو،  ملک کے ساتھ خطرناک کھلواڑ بند ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ان شاء اللّٰہ یہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور ملک کو دوبارہ ترقی کی طرف لے کر جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : گورنر پنجاب نے پی ٹی آئی پر پابندی کی مخالفت کردی

ان کا کہنا تھا کہ  کسی سیاسی جماعت پر پابندی لگا حکومتی پالیسی نہیں ہے، انی پی ٹی آئی نے خود اعتراف کرلیا ہے میں ڈیجیٹل دہشتگرد ہوں، جو جرم کرتا ہے اور مانتا بھی ہے اس کو سزا دی جائے، کھلم کھلا آئین شکنی کی گئی اور کی جارہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف ملک کو ترقی دینے کی نیت سے آئے ہیں، وزیراعظم دن رات کام کررہے ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز بھی عوام کے ریلیف کے لیے  کام کررہی ہیں، پورے 5سال حکومت کریں گےاور ملک میں استحکام لائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp