برائن لارا غلط بیانی پر معافی مانگیں، ویون رچرڈز اور کارل ہوپر کس بات پر غصہ ہوگئے؟

بدھ 24 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور لیجنڈری کرکٹرز سر ویوین رچرڈز اور کارل ہوپر نے سابقہ کرکٹر برائن لارا کو اپنی کتاب میں ان کے حوالے سے غلط بیانی کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے  اور لارا کی جانب سے عائد کردہ الزامات پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ان سے سرعام معافی کا مطالبہ کیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق، برائن لارا نے اپنی کتاب ’لارا، دی انگلینڈ کرانیکلز‘ میں انکشاف کیا تھا کہ ویوین رچرڈز اپنے وقت میں نہایت سخت اور جارح مزاج کپتان تھے جو کارل ہوپر کو ہفتہ میں ایک بار جبکہ انہیں (برائن لارا کو) 3 ہفتے میں ایک بار رونے پر مجبور کیا کرتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: گریٹ برائن لارا نے پاکستان کے کس کھلاڑی کو خطرناک ترین بولر قرار دیا؟

لارا نے مزید لکھا، ’گو کہ ویون رچرڈز ویسٹ انڈیز کرکٹ کے فائدے کے لیے ایسا کرتے تھے لیکن کھلاڑی رچرڈز کی سخت مزاجی سے ڈرتے تھے تاہم ان کے رویے سے میں کبھی متاثر نہیں ہوا کیونکہ مجھے اندازہ ہوجاتا تھا کہ وہ کب برا بھلا کہنے والے ہیں، میں مضبوط شخصیت کا مالک تھا، میں ان کی سخت مزاجی کو خوشی سے برداشت کرلیتا تھا۔‘

سر ویون رچرڈز اور کارل ہوپر نے لارا کے الزامات پر مایوسی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں۔ دونوں سابقہ کھلاڑیوں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ لارا نے ان الزامات کے ذریعے ان کے تعلق اور کردار پر انگلی اٹھانے کی کوشش کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ ورلڈ کپ 2023: ویرات کوہلی نے برائن لارا کا بڑا ریکارڈ توڑ دیا

مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سر ویون رچرڈز نے بطور کپتان کارل ہوپر کو کبھی جذباتی طور پر پریشان کرنے کی کوشش نہیں کی بلکہ انہوں نے ہمیشہ انہیں سپورٹ کیا، دونوں کے درمیان عزت و احترام پر مبنی رشتہ 40 سال سے قائم ہے، جسے لارا کی کتاب نے ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے برائن لارا کی جانب سے اپنی کتاب میں شائع جھوٹے دعووں سے متعلق فوری حقائق پر مبنی بیان جاری کرنے اور سرعام معافی کا مطالبہ کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp