پیپلز پارٹی کی صدر زرداری کی سالگرہ پر جشن کی تیاریاں، سوشل میڈیا صارفین بھڑک اٹھے

بدھ 24 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی  نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی سالگرہ کے موقع پر مینار پاکستان پر جشن منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 26 جولائی کو آصف زرداری کی 69 ویں سالگرہ کو پیپلز پارٹی ’پریذیڈنٹ ڈے آف پاکستان‘ کے طور پر منائے گی۔

ذرائع کے مطابق 25 جولائی کو لاہور میں 2بڑے ایونٹ رکھے گئے ہیں۔ ایک تقریب گورنر ہاؤس میں ہوگی جس کے مہمان خصوصی سابق وزیراعظم پاکستان اور پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف ہوں گے جبکہ دوسری تقریب مینار پاکستان پر منعقد کی جائے گی جو پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر فیصل میر کی جانب سے رکھی گئی ہے۔

اس تقریب میں گلوکارہ نمرہ مہرہ اور ساحر علی بگا  تقریب پر سحر طاری کریں  گے اور سالگرہ کی تقریب سے راجہ پرویز اشرف خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ رات 12بجے آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا اور تقریب  کے آخر میں  پریذیڈنٹ ڈے آف پاکستان کا کیک بھی کاٹا جائے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے اس اقدام کو صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، صارفین کا کہنا ہے کہ یہ آخر کس چیز کی خوشی منا رہے ہیں کیا ایسے اقدامات سے غریبوں کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔

فرح نامی صارف نے کہا کہ بجلی کے بل عوام پر بم بن کر گر رہے ہیں اور یہاں پیپلز پارٹی کی جانب سے میوزیکل ایوننگ منائی جائے گی۔ انہوں نے سوال کیا کہ لوگوں کے زخموں پر نمک کیوں چھڑک رہے ہیں؟ یہ رقم ان مستحق لوگوں کو دے دیں جو اس وقت بہت پریشان ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے طنزاً کہا کہ پیپلز پارٹی کے اس اقدام پر انہیں تمغہ حسن کارکردگی ملنا چاہیے۔

ایک صارف نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب سیاسی جماعتیں اپنے نظریات بھول جائیں اور لیڈروں کے پاس قوم کو بتانے کے لیے کچھ نہ ہو، تو نظریاتی بحث کی بجائے گانے بجائے جاتے ہیں، صارف نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی میں کیا فرق رہ جائے گا۔

ایک ایکس صارف کا کہنا تھا کہ اندازہ لگا لیں کہ کس طرح یہ لوگ غریبوں کا مذاق بنا رہے ہیں آخر انہیں کس بات کی خوشی ہے۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپنے عہدے کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp