جاب سیکر ویزا: وہ ممالک جن کی فیس صرف چند ہزار پاکستانی روپوں میں ہے؟

جمعرات 25 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں اس وقت اکثر افراد کی یہی کوشش ہے کہ وہ کسی طرح بیرون ملک نوکری حاصل کر لیں۔ کورونا وبا کے بعد دنیا کے بہت سے ممالک نے مختلف ویزوں کے اجرا کا آغاز کیا جن میں سے ایک ’جاب سیکر ویزا‘ بھی ہے جس کے تحت کوئی بھی شخص مطلوبہ ملک میں ایک خاص مدت تک رہ کر نوکری تلاش کر سکتا ہے۔

یوں تو دنیا کے بہت سے ممالک جاب سیکر ویزے کی سہولت فراہم کرتے ہیں لیکن وی نیوز نے چند ایسے ممالک کو شارٹ لسٹ کیا ہے جن کے جاب سیکر ویزا کی فیس صرف چند ہزار پاکستانی روپے ہے۔

آسٹریا

آسٹریا کا جاب سیکر ویزا حاصل کرنے کے لیے کم از کم گریجویشن کی ڈگری، 5 سال کا متعلقہ کام کا تجربہ اور جرمن یا انگریزی میں کم از کم B1 کی سطح کی مہارت لازمی ہے۔

آسٹریا کے جاب سیکر ویزے کے حصول کے لیے آپ کم از کم 70 پوائنٹس لے کر کوالیفائی ضرور کریں جن میں تعلیم، عمر، کام کا تجربہ اور زبان پر مہارت وغیرہ کے پوائنٹس شامل ہیں۔ مجموعی طور پر ان تمام سوالوں کے 100 پوائنٹس ہوتے ہیں جس میں سے 70 پوائنٹس حاصل کرنا لازمی ہے۔

درخواست کیسے دی جا سکتی ہے؟

آسٹریا کے جاب سیکر ویزے کی درخواست دینے کے لیے آسٹریا کے سفارت خانے یا قونصلیٹ سے ویزا درخواست فارم حاصل کرنا ہوگا۔ درخواست کے ساتھ درکار دستاویزات میں پاسپورٹ، 2 پاسپورٹ سائز کی تصاویر، تعلیمی اسناد کی کاپیاں، کام کے تجربے کا ثبوت، زبان کی مہارت کا ثبوت، مالی ذرائع کا ثبوت اور کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہ ہونے کا سرٹیفکیٹ شامل ہیں۔

آسٹریا کے جاب سیکر ویزے کی مدت کتنی ہے؟

آسٹریا کا جاب سیکر ویزا 6 ماہ کے لیے جاری کیا جاتا ہے۔ اس دوران ویزا ہولڈر کو آسٹریا میں ملازمت تلاش کرنے کی اجازت ہوتی ہے اور ملازمت مل جانے کی صورت میں وہ اپنے اس ویزے کو ورک ویزے میں تبدیل کروا سکتا ہے۔

آسٹریا کے جاب سیکر ویزے پر لاگت کتنی آتی ہے؟

آسٹریا کے جاب سیکر ویزے کی لاگت آسٹرین 150 یورو ہے جو پاکستانی روپوں میں تقریباً 45 ہزار روپے بنتی ہے۔

جرمنی

جرمنی اس وقت ان ممالک میں شامل ہے جس کو لاکھوں اسکلڈ ورکرز کی ضرورت ہے۔ جرمنی میں  سب سے زیادہ ملازمتوں کے مواقع موجود ہیں جن میں انجینیئرز، آئی ٹی ماہرین، نرسز، ٹرک ڈرائیورز اور دیگر پروفیشنلز شامل ہیں۔

جرمنی کا جاب سیکر ویزا حاصل کرنے کے لیے غیر یورپی یونین شہری ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ کم از کم بیچلر کی ڈگری، 5 سال کا متعلقہ کام کا تجربہ اور جرمن زبان کی B1 کی سطح کی مہارت ہونا لازمی ہے۔

درخواست کیسے دی جائے؟

جرمنی کے جاب سیکر ویزے کے لیے درخواست دینے کے لیے جرمنی کے سفارت خانے یا قونصلیٹ سے ویزا درخواست فارم حاصل کریں۔ اس کے ساتھ درکار تمام دستاویزات جس میں پاسپورٹ، 2 پاسپورٹ سائز کی تصاویر، تعلیمی اسناد کی کاپیاں، کام کے تجربے کا ثبوت اور جرمن زبان کی مہارت کا ثبوت وغیرہ شامل ہیں۔

ویزے کی مدت کتنی ہوتی ہے؟

جرمنی کا جاب سیکر ویزا 6 ماہ کے لیے جاری کیا جاتا ہے۔ اس دوران آپ کو جرمنی میں ملازمت تلاش کرنے کی اجازت ہوتی ہے۔ اگر آپ کو ملازمت مل جاتی ہے تو آپ اپنے ویزے کو ورک ویزے میں تبدیل کروا سکتے ہیں۔

جرمنی کے جاب سیکر ویزے کی لاگت کتنی ہے؟

جرمنی کے جاب سیکر ویزے کی لاگت 75 یورو ہے جو پاکستانی روپے میں تقریباً 22 ہزار روپے بنتے ہیں۔

واضح رہے کہ اگر آپ ویزا حاصل نہ کر پائے تو اس صورت میں پیسے ریفنڈ نہیں کیے جاتے۔

متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات کے جاب سیکر ویزے کی مدت 60، 90 اور 120 دن تک ہوتی ہے۔ اس کے لیے عمر کی حد 18 سے 30 سال ہے۔

اہلیت

متحدہ عرب امارات کا جاب سیکر ویزا حاصل کرنے کے لیے آپ کا اچھا پڑھا لکھا ہونا ضروری ہے اور جس یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی گئی ہے وہ معروف بھی ہونی چاہیے۔ ایلٹس کا بینڈ اسکور کم از کم 6 ہونا چاہیے۔

تاہم یہ بات ذہن میں رکھنا ضروری ہے کہ متحدہ عرب امارات نے جولائی 2024 میں پاکستانیوں کے لیے وزٹ ویزے پر ملازمت تلاش کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ مطلب یہ کہ آپ وزٹ ویزے پر متحدہ عرب امارات جا کر ملازمت نہیں تلاش کر سکتے۔ جاب سیکر ویزے کے لیے پروفائل بہت اچھی ہو تو یہ ویزا حاصل کیا جا سکتا ہے۔

درخواست کا عمل کیا ہے؟

متحدہ عرب امارات کے جاب سیکر ویزے کے لیے درخواست دینے کے لیے وزارت انسانی وسائل اور امارات کی ویب سائٹ  پر جائیں اور اس ویزے کے لیے درخواست فارم پر کریں۔

آن لائن درخواست فارم کو مکمل کر کے اس کے ساتھ درکار دستاویزات میں پاسپورٹ، 2 پاسپورٹ سائز کی تصاویر، تعلیمی سندوں کی کاپیاں اور انگریزی زبان کی مہارت کا ثبوت شامل ہے۔

ویزے کی لاگت کتنی ہے؟

60 دنوں کے ویزے کی لاگت تقریباً 42 ہزار پاکستان روپے ہے، 90 دن کے ویزے کی لاگت تقریباً 51 ہزار روپے جبکہ 120 دن کے ویزے کی فیس تقریباً 61 ہزار روپے ہے۔

سویڈن

سویڈن کا جاب سیکر ویزا حاصل کرنے کے لیے ایک غیر یورپی یونین اور یورپی فری ٹریڈ ایسوسی ایشن کا  (EFTA) شہری ہونا ضروری ہے۔

آپ کے پاس کم از کم بیچلر کی ڈگری یا اس کے مساوی ہونی چاہیے، 5 سال کا متعلقہ کام کا تجربہ، انگریزی یا سویڈش زبان کی B1 کی سطح کی مہارت ہونی چاہیے۔

درخواست کا عمل

سویڈن کے جاب سیکر ویزے کے لیے درخواست دینے کے لیے سویڈش سفارت خانے یا قونصلیٹ سے ویزا درخواست فارم حاصل کرسکتے ہیں۔

درکار دستاویزات

سویڈن کے جاب سیکر ویزے کے لیے بھی وہی تمام دستاویزات درکار ہیں جو تقریباً باقی تمام ممالک کے جاب سیکر ویزے کے لیے ضروری ہیں۔

سویڈن کے جاب سیکر ویزے کی مدت؟

سویڈن کا جاب سیکر ویزے کی میعاد ایک سال ہوتی ہے۔ اس دوران آپ کو سویڈن میں ملازمت تلاش کرنے کی اجازت ہے اور ملازمت مل جانے کی صورت میں وہ ویزا ورک ویزا میں تبدیل کروایا جاسکتا ہے۔

سویڈن کے جاب سیکر ویزے کی لاگت کتنی ہے؟

سویڈن کے جاب سیکر ویزے کی فیس تقریباً پاکستانی 57 ہزار روپے ہے۔

کینیڈا

کینیڈا کے جاب سکیر ویزے کو ’اوپن ورک پر مٹ‘ بھی کہا جاتا ہے۔

اہلیت

کینیڈا کا جاب سیکر ویزا حاصل کرنے کے لیے کسی بھی دوسرے یورپی یونین کے رکن ملک یا سویٹزرلینڈ کا شہری نہیں ہونا چاہیے۔ عمر 18 سے 40 سال کے درمیان، کم از کم 2 سال کی پوسٹ سیکنڈری تعلیم یا اس کے مساوی تجربہ ہونا چاہیے، 1 سال کا متعلقہ کام کا تجربہ اس کے علاوہ انگریزی یا فرانسیسی زبان کی سی ایل بی 7 کی مہارت ہونی بھی ضروری ہے۔

درخواست کا عمل

آن لائن درخواست کے ساتھ تمام تر دستاویزات جیسے تعلیمی اسناد، پاسپورٹ، پاسپورٹ سائز تصاویر، تجربہ وغیرہ جمع کروانے ہوں گے۔

کینیڈین ویزے کی لاگت کتنی ہے؟

کینیڈین جاب سیکر ویزے کی لاگت پاکستانی 20 ہزار روپے سے 31 ہزار روپے تک ہے۔

پرتگال

پرتگال کا جاب سیکر ویزا حاصل کرنے کے لیے کسی بھی دوسرے یورپی یونین کا رکن ملک، یورپی فری ٹریڈ ایسوسی ایشن رکن ملک یا سویٹزرلینڈ کا شہری نہیں ہونا چاہیے۔ کم از کم گریجویشن کی ڈگری، 5 سال کا تجربہ اے 2 لیول کی پرتگالی زبان کی مہارت ہونی چاہیے۔

درخواست کا عمل

پرتگال کے جاب سیکر ویزے کی درخواست دینے کے لیے پرتگالی سفارت خانے یا قونصلیٹ سے ویزا فارم حاصل کرنا ہوگا۔ اس کے ساتھ بھی باقی تمام ممالک کے ویزے کے لیے جو دستاویزات ضروری ہیں وہ جمع کروانے ہوں گے۔

پرتگالی ویزے کی مدت

واضح رہے کہ پرتگالی جاب سیکر ویزے کی مدت 4 سے 6 مہینے کی ہے۔ اس دوران آپ اپنے لیے ملازمت کے مواقع تلاش کر سکتے ہیں اور اس ویزے کی فیس 80 پرتگالی یورو ہے جو پاکستانی تقریباً 24 ہزار روپے بنتے ہیں۔

واضح رہے کہ کسی بھی ملک کے ویزے کے حصول کے لیے جمع کروائے گئے پاسپورٹ کی ویلیڈیٹی کم از کم 6 ماہ ہونی لازمی ہے یعنی پاسپورٹ ایکسپائر ہونے میں 6 ماہ کا عرصہ باقی ہو۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp