کراچی میں لیاری ایکسپریس پر گارڈن کے قریب ایک کار پرنامعلوم افراد کی فائرنگ سے آنکھوں کے مشہور ڈاکٹر بیربل جاں بحق اور ان کی اسسٹنٹ ڈاکٹر قرۃ العین زخمی ہوگئیں۔
پولیس کے مطابق ڈاکٹر بیر بل اور لیڈی ڈاکٹر قرۃ العین رام سوامی سے گلشن اقبال جانے کے لیے نکلے تھے۔
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے بتایا کہ واقعہ میں چھوٹا اسلحہ استعمال کیا گیا،جائے وقوعہ سے پستول کے خول برآمد کرلیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی سٹی کے مطابق ڈاکٹر کو سر پر گولیاں ماری گئیں جس کے باعث ان کی موت واقع ہوئی جبکہ زخمی خاتون ڈاکٹر سے بیان لینے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ڈائریکٹر جناح اسپتال پروفیسر شاہد رسول نے ڈاکٹر بیربل کی باڈی کا معائنہ کیا اور زخمی خاتون کی خیریت معلوم کی۔انہوں نے زخمی ڈاکٹر کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے جس کے مطابق فائرنگ کے بعد ڈاکٹر بیر بل کی کار کو بے قابو چلتے دیکھا جاسکتا ہے جس کے بعد وہ دیوار کے ساتھ جاٹکرائی۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر بیر بل گینانی سابق سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز کے ایم سی رہے۔اس کے علاوہ اسپنسر آئی اسپتال کے سابق ایم ایس بھی تھے۔
حال ہی میں ڈاکٹر بیربل گینانی اور ان کی صاحبزادی نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی سے ڈاکٹر ان پبلک ہیلتھ کی ڈگریاں ایک ساتھ حاصل کی تھیں۔
ڈاکٹر بیربل مختلف سرکاری عہدوں سے ریٹائر ہوکر پرائیوٹ کلینکس پر پریکٹس کررہے تھے۔