اڈیالہ جیل سے قیدیوں کی حاضری اب ویڈیو لنک پر ہوگی، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق

جمعرات 25 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامرفاروق نے اسلام آباد بار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2023اسلام آباد کی عدلیہ کے لیے خاص اور اہم سال رہا ہے، کچہری کو جی الیون میں شفٹ کیا گیا اور اسلام آباد ہائیکورٹ کو ریڈ زون میں شفٹ کیا گیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ کچہری میں وکلا، سائلین کے لیے سہولیات دیں جو مزید فراہم کی جائیں گی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا زمانہ ہے، ٹیکنالوجی بڑھ رہی ہے، اگر ٹیکنالوجی کا استعمال نہ کیا تو ہم پیچھے رہ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وکلا کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ٹیکنالوجی میں خود کو بہتر کریں، 1993میں اپنی پیشہ ورانہ زمہ داری کا آغاز کیا، ریسرچ کے طریقہ کار اب تبدیل ہوگئے ہیں، کلک کرنا ہے اور متعلقہ قانون سامنے آجائے گا۔

مزید پڑھیں: عمران خان کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق جیل سہولیات فراہم کی جائیں، اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر

ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی میں خود کو بہتر کریں ورنہ دنیا آپ سے آگے نکل جائے گی، نوٹسز اب ای میل کے ذریعے بھیجے جائیں گے، ہمارے زمانے میں نوٹسز کو ڈھونڈنا پڑتا تھا۔ وکلا، سائلین کو میسج ای میل کے ذریعے کیس کے حوالے سے معلوم ہوجاتا ہے۔

’ای نوٹس نے عدالتی کارروائیوں کو مزید آسان کردیا ہے‘۔

چیف جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ ویڈیولنک پر سماعت کرنا آسان اور اچھا عمل ہے، آن لائن  پروسیڈنگز بھی چل رہی ہیں، عدلیہ میں مینجمنٹ انفارمیشن  سسٹم بھی آن لائن دستیاب ہے۔

’کاغذ سے اب ای فائلنگ کی جانب جانا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ نئے وکلا کو عدالت میں خود کو پیش کرنے کی تربیت ہونی  چاہیے، وکلا نے کتاب اور قانون سے رشتہ نہیں توڑنا، ہم سائلین کی داد رسی کے لیے عدالتوں میں بیٹھے ہیں، ہم نے قانون کے مطابق چلنا ہے۔

’ہم نے انصاف قانون اور قاعدے سے کرنا ہے‘۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے عدلیہ اور وکلا کو ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ریسرچ کا طریقہ کار اب تبدیل ہوگیا ہے، نوٹس ٹریکنگ سسٹم کو بھی جلد عدلیہ میں لا رہے ہیں، دیرسویر ہوسکتی ہے مگر بار کی مدد ضرور کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے خلاف ریفرنس دائر، برطرفی کا مطالبہ

ان کا کہنا تھا کہ ججز کی ترقیاں بہت عرصے سے رکی ہوئی تھیں، ہم نے وہ پراسیس بھی شروع کر دیا ہے، ججز کی تعیناتیوں کا عمل بھی زیرغور ہے اور جلد شروع ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اب مشین لگا دی گئی ہے، سائل آکر اپنے کیس کی تفصیل خود لے سکیں گے، اڈیالہ سے روزانہ عدالت پیش ہونے والے قیدیوں کی حاضری بھی اب ویڈیو لنک کے ذریعے ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp