بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا اور گوادر میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ہے۔
چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، پشین، سبی، زیارت، ژوب، بارکھان اور قلعہ سیف اللہ میں بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشین 4، سبی، زیارت اور قلعہ عبداللہ میں 3 جبکہ موسیٰ خیل میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اڑتالیس گھنٹوں میں ژوب 50، بارکھان 33، پنجگور 21، کوئٹہ 16 اور قلات میں 14 ملی میٹر بارش ہو چکی ہے۔
ژوب کے مقام پر کوئٹہ ڈیرہ اسمٰعیل خان شاہراہ پر بارش کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، قلات، سبی، بارکھان، ژوب، چمن اور قلعہ سیف اللہ میں مزید بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث نصیر آباد اور لہڑی کےدریاؤں میں طغیانی آ گئی جس سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔