پاکستان اسٹاک ایکسچینج ملک میں پھیلی منفی خبروں اور مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے بعد مسلسل دوسرے دن مندی کے رحجان کا شکار ہے۔ کے ایس ای 100 انڈیکس میں 928 پوائنٹس کی نمایاں کمی دیکھی گئی۔ 79 ہزار پوائنٹس کی حد برقرار نہ رہنے سے 59.10 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت گھٹ گئی۔ سرمایہ کاری مالیت میں 89 ارب 47 کروڑ 68 لاکھ روپے کی کمی کے ساتھ کاروباری حجم بھی 15.42 فیصد کم رہا۔
گزشتہ روز اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 927 پوائنٹس کم ہوکر 78469 پر بند ہوا تھا۔ کاروباری دن میں 100 انڈیکس 1446 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔ بازار میں 32.72 کروڑ شیئرز کا کاروبار 15.28 ارب روپے میں طے ہوا جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 89 ارب روپے کم ہوکر 10457 ارب روپے تھی۔
مزید پڑھیں:پاکستان اسٹاک ایکسچینج بدستور بلندیوں کی جانب گامزن، پھر نئی تاریخ رقم
ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کم ہوگئے
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کے نئے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر 19 جولائی کو ختم ہوئے ہفتے میں 36.81 کروڑ ڈالر کم ہوئے۔ اس کمی کے بعد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 19 جولائی تک 14 ارب 33 کروڑ ڈالر رہے۔
اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک کے ذخائر 39.65 کروڑ ڈالر کم ہوکر 9.02 ارب ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 2.84 کروڑ ڈالر کم ہوکر 5.30 ارب ڈالر رہے۔
روپے کے مقابلے میں ڈالر سستا ہوا
ملک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر سستا ہوا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق انٹربینک تبادلہ میں ڈالر کا بھاؤ 9 پیسے کم ہوکر 278 روپے 41 پیسے ہے۔ انٹربینک میں گزشتہ روز ڈالر 278 روپے 50 پیسے پربند ہوا تھا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ 5 پیسے کم ہوکر 279 روپے 70 پیسے ہے۔