پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی کی بھوک ہڑتال کو ڈائٹ پلان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دوپہر کا کھانا کھا کر شام کے کھانے سے پہلے ختم ہونے والی بھوک ہڑتال ایک ڈھونگ اور مذاق ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا ملک میں فوری نئے انتخابات کا مطالبہ، عمران خان کی رہائی تک بھوک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان
اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کی دوپہر 3 بجے شروع ہونے والی بھوک ہڑتال شام 7 بجے تک اختتام پذیر ہونے والا ڈائٹ پلان ہے، انہوں نے اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ 9 مئی کے مجرم کے لیے ‘انٹرمٹنٹ فاسٹنگ’ ہو رہی ہے
مریم اورنگزیب کے مطابق دوپہر کا کھانا کھا کر شام کے کھانے سے پہلے ختم ہونے والی بھوک ہڑتال ایک ڈھونگ اور مذاق ہے، 9 مئی کے مجرم کے لیے چار گھنٹے کا ‘ڈائٹ پلان’ ہی فالو کیا جا سکتا ہے، ملک کو مہنگا، عوام کو بھوکا کرنے والے کے لیے 4 گھنٹے کی ہی بھوک ہڑتال کا مذاق کیا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: ’3 سے 7 تو ویسے بھی کھانے پینے کا ٹائم نہیں ہوتا‘، پی ٹی آئی کی بھوک ہڑتال مذاق بن گئی
’ 25 کروڑ عوام کو بھوک میں مبتلا کرنے والے 9 مئی کے مجرم کے لیے 4 گھنٹے ہی بھوکا رہا جا سکتا ہے، قومی تنصیبات، شہدا کی بے حرمتی، قائدِ اعظم کے گھر کو جلانے، پولیس اور رینجرز کے سر پھاڑنے کا اعتراف کرنے والا سزا کا مستحق ہے 4 گھنٹے بھوک ہڑتال کا نہیں۔‘