عظمیٰ بخاری کی ڈیپ فیک ویڈیو کے ہر کردار کو بے نقاب کیا جائے گا، شزہ فاطمہ

جمعہ 26 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے جعلی ویڈیو کے خلاف ایف آئی اے کو درخواست دے دی ہے۔ عظمیٰ بخاری کی ڈیپ فیک ویڈیو بنائی گئی، جعلی ویڈیوکے ہرکردار کو بے نقاب کیا جائے گا اور مجرمان کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ نے وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم، رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک اور رکن قومی اسمبلی زیب جعفری کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ عظمیٰ بخاری خاتون ہیں، ان کی زبان بندی کی کوشش کی گئی۔ ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

وزیر مملکت شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ عظمیٰ بخاری کے خلاف سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا۔ عظمیٰ بخاری کا سیاست میں ایک نام ہے، عظمیٰ بخاری کی جعلی تصویر لگا کر وائرل کرکے ان کی تذلیل کی گئی۔ ایک مخصوص سیاسی جماعت مسلسل پروپیگنڈا کر رہی ہے، ڈیپ فیک ویڈیو پروپیگنڈہ کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:عظمیٰ بخاری کے خلاف سوشل میڈیا کمپین ڈیجیٹل دہشتگردی ہے

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایکس اور انسٹاگرام سمیت فیس بک پر 24 جولائی کو وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی نامناسب ویڈیو اور اسکرین شاٹس شیئر کی گئیں، جو جعلی اور ڈیپ فیک ہیں۔ پاک آئی ویری فائی کی ٹیم نے عظمیٰ بخاری کی ویڈیو اور اسکرین شاٹس وائرل ہونے کے بعد اس پر تحقیق کی تھی، جس دوران معلوم ہوا کہ پورن ویڈیو پر وزیر اطلاعات پنجاب کا چہرہ لگا کر اسے پھیلایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسکرین شاٹس کو ریورس امیج سمیت دیگر تکنیکی ٹولز کے ذریعے جانچا گیا تھا، جس سے معلوم ہوا کہ عظمیٰ بخاری کی وائرل کی گئی ویڈیو جعلی اور ڈیپ فیک ہے۔ عظمیٰ بخاری کی ویڈیو کو زیادہ تر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شیئر کیا گیا تھا، جسے کچھ ہی گھنٹوں میں لاکھوں بار دیکھا گیا۔

وزیر اطلاعات پنجاب کی جعلی ڈیپ ویک ویڈیو کے علاوہ ان کے اسکرین شاٹس بھی بڑے پیمانے پر جھوٹے دعووں کے ساتھ شیئر کیے گئے تھے، جس پر خود عظمیٰ بخاری نے بھی ٹوئٹ کرکے عدالت جانے کا اعلان کیا۔ بعد ازاں عظمیٰ بخاری نے 25 جولائی کو لاہور ہائیکورٹ میں اپنی جھوٹی نا مناسب ویڈیو پھیلانے کے خلاف درخواست بھی دائر کی تھی، جس پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے انہیں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے رجوع کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزید پڑھیں:نازیبا ویڈیو اپلوڈ کرنے پر عظمیٰ بخاری کا فلک جاوید کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع

شزہ فاطمہ نے کہا کہ عظمیٰ بخاری سیاست میں ایک مقام بنا چکی ہیں، حکومت کا مؤقف بیان کرتی ہیں، جعلی ویڈیوکے ذریعے ان کی تذلیل کی گئی، عظمیٰ بخاری کے خلاف پروپیگنڈا میں ملوث افراد کا پیچھا کریں گے، جعلی ویڈیوکے ہر کردار کو بے نقاب کرکے عبرت کا نشان بنائیں گے، ویڈیو شیئر کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف آئے روز پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، ایک مخصوص سیاسی جماعت کی جانب سے جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ جھوٹا پروپیگنڈا مخصوص سیاسی جماعت کی تربیت کا حصہ ہے، حکومت جعلی ویڈیو بنانے والوں کے خلاف ایکشن لے گی۔ خواتین کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

آپ اسلام کو استعمال کرتے ہیں، ریاست مدینہ کا نام لیتے ہیں۔ آپ کی تربیت کی وجہ سے آج نہ کسی کو بڑے کی تمیز ہے نہ چھوٹے کی، ہمیں سوچنا پڑے گا کہ کیا ہمیں ایسی لیڈرشپ چاہیے؟ جہاں کسی خاتون کی عزت کا معاملہ آئے گا وہاں زیرو ٹالرنس ہوگی۔

مزید پڑھیں:خیبر پختونخوا کو ایسا وزیراعلیٰ ملا ہے جس کا حلیہ بھی غنڈوں جیسا ہے، عظمیٰ بخاری

شائستہ پرویز ملک نے کہا کہ ہم تمام خواتین عظمیٰ بخاری کے ساتھ ہیں، سیاست کرنی ہے تو کھل کر کریں۔ ہماری پارٹی قیادت نے ہمیشہ کارکنوں کو گالم گلوچ کی سیاست سے منع کیا ہے، ہماری پارٹی قیادت نے ہمیں ہمیشہ ذاتیات کی سیاست سے منع کیا ہے۔ جھوٹے پروپیگنڈے کا شکار ہونے والی خواتین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

شائستہ پرویز ملک نے کہا کہ سیاسی ہتھکنڈوں کے طور پر خواتین کو استعمال کرنا کسی کو زیب نہیں دیتا۔ ہم تمام خواتین کی نمائندگی کرتے ہیں۔

نوشین افتخار نے کہا کہ ہماری فیملیز ہیں بچے ہیں کیا وہ اس سے متاثر نہیں ہوتے؟ خواتین کو دیوار کے ساتھ لگانے کے لیے ایسا کرکے ان کا حوصلہ پست کرتے ہیں۔ مریم نواز ایک صوبہ چلا رہی ہیں۔ وہ بزدار سے تو بہتر چل رہی ہیں۔ بہت سے مرد خواتین کو کام کرنے کی اجازت نہیں دیتے، خواتین کو خود کو منوانے کے لیے بہت جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں حکومت سے درخواست کروں گی کہ اس کیس میں مثالی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی اسی گھٹیا حرکت نہ کرے، ہماری یوتھ جو اس ٹرینڈ کو فالو کر رہی ہے وہ ان کو ان فالو کرے۔

مزید پڑھیں:فلک جاوید کیخلاف درخواست، عدالت کا عظمیٰ بخاری کو ایف آئی اے سے رجوع کا مشورہ

زیب جعفری نے کہا کہ عظمیٰ بخاری کے ساتھ ہونے والی حرکت کی مذمت کرتے ہیں، آج کے بعد ایسا نہیں ہوگا۔ ایک سیاسی جماعت جو ریاستِ مدینہ کی بات کرتی ہے، انہوں نے ریاستِ مدینہ کے نام پر کون سا ایسا کام کیا ہے؟ ہم سیاست میں آنے والی خواتین اپنا سکون چھوڑ کر آئی ہیں۔ ہم پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتی ہیں۔ عظمیٰ بخاری ایک جرات مند خاتون ہیں، ایسے کام کرنے والے  ناسور ہیں۔

وجیہہ اکرام  نے کہا کہ عظمیٰ بخاری بہت بہادر خاتون ہیں اور ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔ ڈیجیٹل دہشت گردی سے ان کو اتنی تکلیف کیوں ہوتی ہے۔ خواتین پر الزام لگانا اور عزتوں سے کھیلنا ان کا کام ہے۔ جو انہوں نے مجھ پر حملہ کیا میں یہ معاف کر دوں گی لیکن شہدا کی قبروں کی بے حرمتی برداشت نہیں کروں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ جو بھی کر جائیں ان کو ہر طرح سے استثنیٰ حاصل ہے۔ اگر شروع دن سے انہیں کنٹرول کیا جاتا تو یہ حالات نہ ہوتے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp