جماعتِ اسلامی دھرنا: عوام کا مقدمہ لڑ رہے، مطالبات کی منظوری تک کہیں نہیں جارہے، حافظ نعیم الرحمان

ہفتہ 27 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے عوام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ ہمارے نوجوان مایوس ہیں، نشے کے عادی ہو رہے ہیں، ملک چھوڑ رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے نوجوانوں کا مستقبل روشن ہو۔

راولپنڈی میں جماعت اسلامی کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لیاقت بلوچ کو مذاکرات کے لیے مقرر کیا ہے، حکومت اپنی مذاکراتی ٹیم کا اعلان کرے۔ پنجاب میں ہمارے کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے، ہمارے کارکنا کو فوراً رہا کیا جائے، وگرنہ دھرنے کا رخ موڑا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں:جماعت اسلامی دھرنا :ہم یہاں پرامن طور پر مسئلہ حل کرنے آئے  ہیں، حافظ نعیم الرحمان

ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک کے نوجوانوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں جنہیں اس کے مستقبل سے مایوس کردیا گیا ہے، اس سے زیادہ خطرناک صورتحال نہیں ہو سکتی کہ نوجوان مایوس ہوں، ہم چاہتے ہیں کہ ملک سے برین ڈرین ہونے کے بجائے، ہم ان کے لیے ملک میں ہی امید کے چراغ جلائیں، نوجوانوں کو روزگار اور تعلیم کے مواقع ملنے چاہیئں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک میں قدرتی وسائل ہونے کے باوجود اشرافیہ، حکمران طبقہ، فوجی اور بیوروکریسی کی شکل میں اسٹیبلشمنٹ، جاگیردار، وڈیرے اور سرمایہ دار حکومتی مراعات حاصل کرکے ہم پرمعاشی پالیسیاں مسلط کرتے ہیں، اس طبقے نے 99 فیصد لوگوں کو حقوق سے محروم رکھا ہوا ہے۔

امیر جماعتِ اسلامی کا کہنا تھا کہ ہم آئی پی پیز کو لگام دینا چاہتے ہیں جو عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں، جن میں سے بہت سوں کی مدت مکمل ہوگئی ہے۔ ان کی تفصیلات میں جائیں تو یہ آئی پی پیز ان کی ہیں جن کے سرکردہ لوگ ہر حکومت چاہے وہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہو، پیپلز پارٹی یا پی ٹی آئی کی حکومت ہو، اس میں ان کا کردار ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں:جماعت اسلامی کو مری روڈ پر 2 سے 3 روز تک دھرنا جاری رکھنے کی مشروط اجازت

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا کوئی ذاتی مقصد نہیں، ہم صنعتوں اور تجارت کے فروغ سمیت تعلیم میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں، ملک کا مستقبل روشن کرنا چاہتے ہیں، ملکی صلاحیت کے مطابق اس کو آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہزاروں میگا واٹ کے پلانٹس موجود ہیں جن کو جعلی طریقے سے ہم پر مسلط کیا گیا ہے، کسی کا فیول ایسا ہے کہ وہ گنے کی پھوک پر چل رہا ہے، لیکن بتایا یہ گیا کہ یہ درآمدی کوئلے پر چلے گا، یہ کسی اور کا نہیں، یہ شریف فیملی کا پلانٹ ہے جو گنے کی پھوک پر چلتا ہے، لیکن اسے امپورٹ کوئلے پر ظاہر کرکے ہزاروں ارب کا دھندہ کرلیا گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وہ پھوک بھی ان کی اپنی شوگر ملز سے آیا ہے، وہ چھ ، 6 مہینے، سال، سال کسانوں کو ادائیگی نہیں کرتے، 2،2 ارب کے نادہندہ ہوتے ہیں، پہلے ادائیگی نہیں کرو، پھر فیکڑی چلاؤ، چینی مافیا بن جاؤ، اس کی پھوک کو استعمال کرکے پلانٹ چلاؤ لیکن ظاہر یہ کرو کہ درآمدی کوئلے پر چلایا ہے۔

مزید پڑھیں:حکومت کی جماعت اسلامی کو مذاکرات کی پیش کش، 3 رکنی کمیٹی قائم

انہوں نے کہا کہ یہ ایک مثال میں نے آپ کو دی جو شریف خاندان کی ہے جو حکمران طبقہ ہے، جتنے اس طرح کے پلانٹ ہیں جنہوں نے پاکستان کے عوام پر ظلم کیا ہے، اب ہم انہیں چلنے نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی نے یہ سمجھا ہوا ہے کہ ہم دو، 4 دن یہاں رہیں گے اور کوئی ایسی جعل سازی، نمائشی اقدامات کرلیے جائیں گے اور ہم چلے جائیں گے تو میں جکومت سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ خیال خیالی میں نہ رہے، ہم روز کی بنیاد پر یہاں بیٹھ کر حکمت عملی ترتیب دیں گے۔ ہم عوام کو ریلیف دلوا کر ہی جائیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا حکومت نے بجلی کے بل، تنخواہ دار کا انکم ٹیکس اور آئی پی پیز کا معاملہ حل نہ کیا تو ملک بھر میں دھرنے ہوں گے، پاکستان کو انارکی کے لیے نہیں چھوڑ سکتے، پُرامن احتجاج کریں گے۔

ان کا کہنا تھا حکومت سے مذاکرات بھی ہوں گے جس کے لیے ہم نے کمیٹی قائم کر رکھی ہے لیکن مذاکرات ٹالنے کیلئے نہیں ہوں گے، عوام کو ریلیف دینا پڑے گا، پورے ملک کی امیدیں اس دھرنے وابستہ ہو چکی ہیں۔ ہم ان کی امیدیں نہیں توڑ سکتے۔ اللہ کے کرم سے ہم یہاں آکر بیٹھے ہیں، پوری قوم کی ترجمانی کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج، کون کون سے راستے بند ہیں؟

ان کا کہنا تھا ڈی چوک نہ جانا بھی ہماری حکمت عملی کاحصہ ہے، ڈی چوک جانا بھی کوئی مسئلہ نہیں جس دن اور جب چاہیں گے ڈی چوک بھی پہنچ جائیں گے لیکن مسئلہ لوگوں کو ریلیف دلانے کا ہے، ہمارے پاس سارے آپشن کھلے ہوئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp