حکومت کی تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش: آئیں ہمارے ساتھ مل کر عوام کی خوشحالی کے لیے کام کریں، مصدق ملک

ہفتہ 27 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت کی تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ ہم کہتے ہیں آئیں بیٹھیں معاملات الجھائیں مت سلجھائیں۔ آئیں ہمارے ساتھ مل کر عوام کی خوش حالی کے لیے کام کریں۔ ملک ایسے ہی چلتا رہا تو برباد ہوجائے گا، انتشار اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرنا ہوگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ انتشار کی سیاست کرنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ہیں۔ ملک دشمن عناصر ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔ عوام کو سب معلوم ہے کس نے کیا کیا؟ ٹرینڈ چلا کہ کپتان نہیں تو پاکستان نہیں، ہم کہتے ہیں پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو روزگار مہیا کرنے کے لیے دن رات ایک کر رہی ہے۔ مہنگائی کا عام آدمی پر بہت اثر پڑا ہے اس کو ختم کرکے ہی دم لیں گے۔ وزیراعظم شہبازشریف چاہتے ہیں کہ ملک سے مہنگائی ختم ہو۔

مزید پڑھیں:جنرل عاصم منیر نیوٹرل ہوجائیں، عمران خان کی درخواست

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے بچوں کو جلادو اور ٹھوکریں مار دینے کا کلچر دیتے ہیں۔ کپتان نے کہا فوج کو نیوٹرل ہونا چاہیے۔ کپتان نے کہا کہ امریکا سازش کر رہا ہے کہ فوج ہمیں بچائے، پھر کپتان نے کہا کہ فوج ہمیں برباد کر رہی ہے امریکا ہمیں بچائے۔کیا یہ بہروپیے ہیں؟ ان کا ہم کیا کریں۔ ان کا مقصد صرف ملک کو برباد کرنا ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ پچھلے دنوں انہوں نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نہیں تو کچھ نہیں۔ سن لو پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ کپتان نے کہا کہ نیوٹرل تو جانور ہوتا ہے، چیلو ں نے کہا لبیک، کپتان نے کہا چیف تو باپ ہوتا ہے، پھر کپتان نے کہا باپ تو میر جعفر ہے، چیلوں نے کہا لبیک۔ کپتان نے کہا تھا کہ فوج کو نیوٹرل ہونا چاہیے، چیلوں نے کہا لبیک، پھر کپتان نے کہا کہ نیوٹرل تو جانور ہے، پھر چیلوں نے واہ واہ کی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ذہن میں 3 چیزیں ہیں، وہ ملک سے غربت کا خاتمہ چاہتے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ مہنگائی کا فوری خاتمہ ہو اور ملک میں نوجوانوں کے لیے روزگار ہو۔ ہم نے غریبوں کے لیے 6 سو ارب مختص کیے۔ بجلی کا بہت بوجھ ہے وقت کے ساتھ ختم ہوگا۔

مزید پڑھیں:عمران خان کا پیغام ہے، قوم نئے انتخابات کی تیاری کرے، عمرایوب

مصدق ملک نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف کی فراہمی کرنے کے لیے کوشاں ہے، روزگارکی فراہمی اولین ترجیح ہے، مہنگائی کے خاتمے سے عوام پر بوجھ کم ہوگا، عوام کو معلوم ہے کس نے کیا کیا؟

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp