جسٹس ریٹائرڈ طارق مسعود اور مظہر عالم میاں خیل کی بطور ایڈہاک جج تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری

ہفتہ 27 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر مملکت آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود اور جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل کو ایک سال کی مدت کے لیے سپریم کورٹ آف پاکستان کا ایڈہاک جج تعینات کر دیا گیا ہے، وزارت قانون نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں:صدر مملکت نے ایڈہاک ججز کی تعیناتی کی منظوری دے دی

ہفتہ کے روز وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 182 کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے صدر مملکت نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق ججوں  جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں جج تعینات کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق دونوں ریٹائر ججز کی سپریم کورٹ آف پاکستان میں تعیناتی ایک سال کی مدت کے لیے ہو گی، وہ عدالتی کارروائیوں میں باقاعدہ حصہ لے سکیں گے۔

واضح رہے کہ جوڈیشل کمیشن نے جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود اور جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل کو ایک سال کی مدت کے لیے ایڈہاک جج تعینات کرنے کی سفارش کی تھی، جس کے بعد صدر مملکت نے دونوں ایڈہاک ججز کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی منظوری دے دی تھی۔

مزید پڑھیں:پاکستان بار کونسل کا ایڈہاک ججز کی تعیناتی کے معاملے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ

جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل نے پہلے سپریم کورٹ آف پاکستان میں ایڈہاک جج کے طور پر کام کرنے سے انکار کر دیا تھا جس پر جوڈیشل کمیشن نے اجلاس میں مظہر عالم میاں خیل سے دوبارہ رائے لینے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے رضامندی ظاہر کردی تھی۔

جسٹس مظہر عالم میاں خیل کی رضا مندی کے بعد وزارت قانون و انصاف نے دونوں ریٹائرڈ ججز کی بطور ایڈہاک جج تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp