اگر آپ کے گھر میں برتن دھونے والا صابن ختم ہو جائے اور آپ کو برتن دھونا ہوں تو پریشان ہونے کی بالکل بھی ضرورت نہیں کیونکہ صابن کے متبادل چیزیں آپ کے کچن ہی میں موجود ہیں۔
جن میں بیکنگ سوڈا،چاول کا پانی،لیموں کا رس،ٹماٹر کے چھلکے اور لکڑی کی راکھ شامل ہیں۔
یہ تمام چیزیں برتن دھونے کےلیے استعمال کی جا سکتی ہیں اور یہ کیمکل سے بھی پاک ہوتی ہیں۔
صابن کے بغیر ان چیزوں کو استعمال کرتے ہوئے مندرجہ ذیل طریقے سے برتن دھوئیں۔(تصاویر:آئی سٹاک)
1۔ لیموں کا رس
بیکنگ سوڈا اور لیموں کے رس کا پیسٹ بنا لیں۔4سے 5کھانے کے چمچ بیکنگ سوڈا لیں اور اس میں تازہ لیموں کا تھوڑا سا رس نچوڑ لیں اور اس پیسٹ سے برتن دھو لیں۔ لیموں کا رس برتنوں کی بو کو ختم کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔
2۔چاول کا پانی
چاول کے پانی میں نشاستہ موجود ہوتا ہے، اس سے چکنائی والے برتن صاف کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ایک پیالے میں چاول کا تھوڑا سا پانی لیں اور اس میں سپنچ یا جس چیز سے آپ برتن دھوتے ہیں بھگو دیں۔
تھوڑی دیر بعد کیمیکل سے پاک اس قدرتی مائع کو برتنوں پر لگائیں ،اچھی طرح رگڑیں اور دھو لیں۔
3۔ٹماٹر کے چھلکے
کیا آپ جانتے ہیں کہ ٹماٹر کے چھلکے صابن کا بہترین متبادل ہو سکتے ہیں؟ ٹماٹر کے چھلکوں پر لگا ہوا رس برتنوں کو صاف کرنے میں مدد کرتا ہے۔
ٹماٹر کی جلد کو دھلے ہوئے برتنوں پر رگڑیں اور 10سے15منٹ تک لگا رہنے دیں۔اب برتنوں کو دوبارہ پانی سے دھو لیں۔ برتن چمکدار ہو جائیں گے۔
4۔بیکنگ سوڈا
بیکنگ سوڈا کو بیکنگ میں استعمال کرنے کے علاوہ برتنوں کو صاف کرنے کے لیے بھی دھویا جا سکتا ہے۔
آپ کو پہلے برتنوں کو گرم پانی میں ڈالنا ہے۔ گرم پانی سے نکالنے کے بعد ان پر بیکنگ سوڈا کا چھڑکاؤ کرنا ہے اور برتنوں کو 10سے 15منٹ تک اسی طرح رہنے دینا ہے۔
پھر سپنچ کو پانی میں ڈبو کر بیکنگ سوڈا والے برتنو ں کو رگڑ لیں اور پھر پانی سے دھو لیں۔
5۔لکڑی کی راکھ
کیا آپ جانتے ہیں کہ قدیم زمانے میں لوگ لکڑی کی راکھ کی مدد سے برتن صاف کیا کرتے تھے۔
آپ گھر ہی میں لکڑی کی راکھ کی مدد سے برتن دھونے کے لئے قدرتی صابن بنا سکتی ہیں۔
برتنوں کو گیلا کرلیں اور مٹھی بھر راکھ لے لیں اور برتنوں پر اچھی طرح رگڑیں۔ راکھ کو برتنوں پر رگڑنے کے بعد برتنوں کو دھولیں۔