امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ خواتین کو دھرنے میں شرکت کرنے سے روکا جا رہا ہے، جب خواتین نکلتی ہیں تو حکومت رکاوٹیں کھڑی کرتی ہے، افسوس ہے کہ خاتون وزیر اعلیٰ کے ہوتے ہوئے لاہور میں خواتین کے ساتھ برا سلوک کیا گیا، آج مری روڈ پر خواتین کا جلسہ عام ہوگا۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں، یہ حکومت کس قسم کے بزدلانہ کام کررہی ہے۔ حکومت سے مطالبہ کر رہا ہوں فوری رکاوٹیں ختم کی جائیں، نہیں ختم کریں گے تو توڑ دی جائیں گی۔
مزید پڑھیں: قوم کی تقدیر بدلنے آئے ہیں، مطالبات نہ مانے گئے تو دھرنا پورے ملک میں پھیل جائے گا: حافظ نعیم الرحمان
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ شدید گرمی اور بارش میں بڑی تعداد میں لوگ مری روڈ پر موجود ہیں، ملک بھر کے لوگوں نے اس دھرنے میں بھرپور شرکت کی ہے، یہ تاریخی دھرنا عزم و حوصلے کا دنیا کو پیغام دے رہا ہے۔ کوئی عوام کی داد رسی کرنے کو تیار نہیں ہے۔ عوام پر بجلی بلوں کے بم گر رہے ہیں اور بات اب خودکشیوں تک پہنچ گئی ہے۔
’لوگ اب مایوسی کا شکار ہیں، یہ ملک اب تصادم کے راستے کا متحمل نہیں ہے‘۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ لوگ اب مایوس ہورہے ہیں، سیاسی پارٹیوں کی ذمہ داری ہوتی ہے عوام پر ہونے والے ظلم کو چیلنج کریں، ہم نے فیصلہ کیا ہے 25 کروڑ عوام کی ترجمانی کریں گے۔ 1994 سے رہنے والی حکومتوں نے آئی پی پیز کو طاقتور بنایا ہے۔
’آئی پی پیز معاہدوں میں جھوٹ اور دھوکا ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: حقوق کے لیے آئے ہیں، عوام کو ہر حال میں ریلیف دلا کر رہیں گے، حافظ نعیم الرحمان
انہوں نے کہا کہ تنخوا سے بھی زیادہ بجلی کا بل آرہا ہے، لوگ 2،2 مزدوریاں کررہے ہیں پھر بھی اخراجات پورے نہیں ہورہے۔ بجلی کی قیمت کا تعین بجلی کی لاگت کے حساب سے کیا جائے، کیپسٹی چارجز کسی بھی قیمت پر قابل قبول نہیں ہیں، کیپسٹی چارجز ختم کرنے پر کس نے حکومت کا ہاتھ روکا ہے؟
’ایک بہت بڑے طبقے کو پیٹرول مفت ملتا ہے اور بڑی بڑی گاڑیوں میں گھومتے ہیں، او بجلی کے بلوں میں ٹیکسز ہم کیوں ادا کریں‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے بڑی ہمت اور تدبر سے مزاحمت کا راستہ اپنایا ہے، حکومت راستے بند کرنے کی حرکتوں سے باز آجائے، ہم ہر صورت میں پرامن رہنا چاہتے ہیں۔