اوریا مقبول جان کا کمال، ممبئی کو گوادر بنادیا

پیر 29 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف تجزیہ نگار اوریا مقبول جان جو اکثر کسی نہ کسی حوالے سے سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہتے ہیں، حال ہی میں انہوں نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر ایک تصویر شیئر کی جس میں لوگوں کا ہجوم دیکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اس کے کیپشن میں لکھا کہ یہ گوادر کی بندرگاہ ہے جس پر کل رات ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی قیادت میں عوام اپنے حق کے لیے نکلے تھے۔

اوریا مقبول جان کے تصویر شیئر کرنے پر صارفین کی جانب سے خوب تنقید کی جارہی ہے کیونکہ جس تصویر کو تجزیہ نگار گوادر کی بندرگاہ کہہ رہے ہیں وہ اصل میں انڈیا کے شہر ممبئی کی ہے۔

صحافی اجمل جامی نے اوریا مقبول جان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کا اجتماع اپنی جگہ بھرپور ہے مگر یہ تصویر گوادر کی نہیں بلکہ ٹی20 ورلڈ کپ جیت کر ممبئی پہنچنے والی بھارتی ٹیم کے استقبال کی ہے۔

ان کا اوریا مقبول جان کو کہنا تھا کہ یہ ٹویٹ شیشے کے سامنے کھڑے ہوکر خود کو دیکھتے ہوئے دوبارہ پڑھیں لیکن اس سے بھی زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔

امیر حمزہ نامی صارف لکھتے ہیں کہ اوریا مقبول جان نے جھوٹ بولنا اپنا معمول بنا لیا ہے اور جب یہ پروپگینڈا بے قابو ہوجائے گا پھر ریاست کو شاید ہوش آئے گا۔

ثمینہ پاشا لکھتی ہیں کہ اگرچہ گوادر کا اجتماع بھی بہت بڑا تھا لیکن اوریا مقبول کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر گوادر کی نہیں ہے۔

ایک صارف کا کہنا تھا کہ کوئی چیز پوسٹ کرنے سے پہلے تحقیق کرلیا کریں یہ تصویر گوادر کی نہیں بلکہ انڈیا کی ہے اب اسے معذرت کرکے ڈیلیٹ کردیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp