فچ ریٹنگ ظاہر کرتی ہے معاشی استحکام کی جانب گامزن ہو چکے ہیں، وزیر خزانہ

پیر 29 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے معاشی اقدامات کے نتیجے میں معاشی استحکام کی جانب گامزن ہوچکے ہیں، حکومتی اقدامات کے نتیجے میں کرنٹ اکاونٹ خسارے میں کمی آئی ہے، ہماری کرنسی کی قدرمیں اضافہ ہوا اور مہنگائی 38 فیصد سے ساڑھے 12 فیصد پرآ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری، فچ ریٹنگز نے یہ فیصلہ کیوں کیا؟

پیر کو پاکستانی معیشت سے متعلق عالمی ریٹنگز ایجنسی ’فچ‘ کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’عالمی ریٹنگ ایجنسی ’فچ‘  کے ساتھ پاکستان کی معاشی صورت حال پر تفصیل سے بات ہوئی تھی، آج عالمی ریٹنگ ایجنسی کی رپورٹ انتہائی حوصلہ افزا اور ہمارے لیے خوش آئند ہے کہ ہم معاشی استحکام کی جانب گامزن ہو چکے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ریٹنگ ایجنسی ’فچ‘ کی رپورٹ ہمارے اس سفر کا عکاس ہے جس کے لیے ہم گزشتہ 3، 4 ماہ سے تندہی اور جانفشانی سے کام کر رہے تھے۔

مزید پڑھیں:آئی ایم ایف بورڈ کی منظوری میں بھی چین نے مدد کی یقین دہانی کرائی ہے، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

انہوں نے کہا کہ اس سارے عرصے کے دوران ہمارا معیشت سے متعلق 3 بڑی عالمی ریٹنگز ایجنسیز کے ساتھ رابطے میں رہے ہیں، ان کے ساتھ تفصیلی ملاقاتیں کی ہیں، جس کے نتیجے میں آج ’فچ ‘ کی مثبت رپورٹ آئی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمارے تمام معاشی اعشاریے مثبت سامنے آ رہے ہیں، فچ جیسی عالمی ریٹنگز ایجنسیز کی پاکستان سے متعلق مثبت روپوٹس سامنے آنا اس لیے ضروری ہے کہ ہم ’آئی ایم ایف ‘ کے ساتھ آخری پروگرام کرنے جا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ فچ کی ریٹنگ میں بہتری نہایت اہمیت کی حامل ہے۔

مزید پڑھیں:آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ چکر سے نکلنے کے لیے ٹیکسوں میں اضافہ ناگزیر ہوگا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

انہوں نے کہا کہ کرنسی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی بہتری آئی، گزشتہ مالی سال اچھے نوٹ پر ختم ہوا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری پالیسی بھی جاری کر دی ہے، جس میں شرح سود ایک فیصد کم ہوکر19 ہو گئی ہے، یہ بھی ملکی معیشت کے لیے ایک انتہائی خوش آئند بات سامنے آئی ہے۔ ان شا اللہ آنے والے دنوں میں اس میں بتدریج کمی آتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ فچ رپورٹ اور مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں کمی پاکستانی معیشت میں دو بڑی مثبت تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp