ملک بھر میں بارشیں: مختلف حادثات میں 31 افراد جاں بحق، راولپنڈی اسلام آباد میں رین ایمرجنسی نافذ

منگل 30 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، خیبرپختونخوا، پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، راولپنڈی سمیت کراچی اور بلوچستان میں موسلادھار بارشوں کی بدولت سڑکیں تالاب بن گئیں، ندی نالے بپھر گئے، کئی علاقوں میں رابطہ پل بہہ گئے اور کچے مکانات کی چھتیں منہدم ہوگئیں۔ آسمانی بجلی گرنے، کرنٹ لگنے اور ڈوبنے سے 31 افراد جاں بحق ہوگئے۔

بارشوں سے 20 افراد جاں بحق ہوگئے

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق راولپنڈی میں ایک شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا، جبکہ سندھ کے علاقے ننگرپارکر اور چھاچھرو میں آسمانی بجلی نے 9 جانیں لے لیں، جاں بحق افراد میں 2 خواتین اور بچی بھی شامل ہے جبکہ 50 سے زائد مویشی بھی ہلاک ہوئے۔

مزید پڑھیں: طوفانی بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ، مظفرآباد کو اسلام آباد سے ملانے والی مرکزی شاہراہ بند

بارش کے دوران پنجاب کے شہر شکر گڑھ میں آسمانی بجلی گرنے سے دو بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔ خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں 4 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ بجلی گرنے کے واقعات ظفر وال، پنج پیر، رتن پور، خورد قانو گوئی اور چانگو والی میں بھی پیش آئے۔

خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں تیز بارشوں کے بعد سیلابی پانی گھر کے تہہ خانے میں داخل ہونے سے 11 افراد ڈوپ کر جاں بحق ہوگئے، ریسکیو حکام نے سرچ آپریشن کے دوران 11 افراد کو نکال کر اسپتال منتقل کر دیا جہاں ڈاکٹروں نے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔

جڑواں شہروں میں سڑکیں تالاب بن گئیں

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی خوب پانی برسا، بارش کا پانی جمع ہونے سے اہم سڑکیں بھی تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، راولپنڈی کے کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

راولپنڈی میں موسلادھار بارش نے پورے شہر کو ڈبو دیا، جس کے بعد رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ نالہ لئی میں گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 13 فٹ ہوگئی، ندیم کالونی اور جاوید کالونی کے مکینوں کو الرٹ کردیا گیا۔

نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونےکی ہدایت جاری کردی گئی، نالہ لئی پر خطرے کے سائرن بجا دیے گئے۔

لاہور میں بھی بارش جم کر ہوئی

لاہور میں بھی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا، اہم سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، کئی علاقوں میں لوگوں کی دکانوں اور گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بارشیں: وزیر داخلہ کی انتظامیہ کو شہریوں کی مشکلات جلد حل کرنے کی ہدایت

صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں جیل روڈ، کینال روڈ، گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک اور اطراف میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

جی ٹی روڈ دریا کا منظر پیش کرنے لگا

پنجاب کے مختلف شہروں گجرات اور اٹک میں بھی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، جی ٹی روڈ دریا کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں مون سون بارشیں جنوبی علاقوں تک پھیلنے کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

خیبرپختونخوا کے اضلاع صوابی اور ہری پور سمیت دیگر مقامات پر بھی مون سون بارشیں جاری ہیں، موسلادھار بارش کے باعث کھیتوں میں پانی جمع ہونے سے فصل خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ شدید بارش میں شہر بھر کی تمام چھوٹی بڑی سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہو گئی ہیں۔ ضلع صوابی میں 4 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔

اس کو پڑھیں: رواں سال معمول سے زیادہ مون سون بارشیں متوقع ہیں، محکمہ موسمیات

جنوبی وزیرستان، مانسہرہ، صوابی سمیت خیبرپختونخوا میں بھی تیز بارش ہوئی، بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی اوربارشوں کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، انتظامیہ نے وادی کاغان سمیت بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ظاہر کردیا ہے۔

شہر قائد میں بھی موسلادھار بارش کی پیشگوئی

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، ویٹا چورنگی اور کورنگی کے اطراف میں ہلکی بارش سے گرمی کی شدت میں کمی ہوئی ہے۔

بلوچستان میں بھی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب ہے تاہم ژوب، بارکھان، کوہلو، لورا لائی، سبی ، خضدار، ہرنائی اور زیارت میں بارش کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

کشمیر میں مٹی کے تودے گرنے سے آمد و رفت متاثر

آزاد کشمیر میں بھی مختلف علاقوں میں وقفے وقفے کے ساتھ بارش دوسرے روز بھی جاری ہے، ‎شمالی اور وسطی آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں وقفے وقفے کے ساتھ کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

‎بارش کے باعث متعدد مقامات پر مٹی کے تودے گرنے کے باعث آمد و رفت متاثر ہوگئی ہے، ‎جہلم ویلی کاٹ روڈ کوہالہ مظفرآباد سیکشن دولائی کے مقام سے  ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔ 3دن گزر جانے کے باوجود دولائی لینڈ سلائیڈ ہٹا کر سڑک ٹریفک کے لیے نہیں کھولی جا سکی۔

‎مسافروں کو متبادل روٹس استعمال کرنے کی ہدایت

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ‎پونچھ ڈویژن سے مظفرآباد آنے والے مسافر باغ سدھن گلی چکار روڈ استعمال کریں، ‎راولپنڈی سے مظفرآباد آنے والے مسافر مانسہرہ گڑھی حبیب اللہ کے راستے مظفرآباد کا سفر کریں۔

مانسہرہ مظفرآباد شاہراہ لوہار گلی کے مقام سے لینڈ سلائیڈ کے باعث بند کی گئی ہے، شاہراہ نیلم متعدد مقامات پر مٹی کے تودے اور پتھر گرنے سے بند ہے۔ شمالی آزاد کشمیر کے  اضلاع  نیلم، جہلم ویلی، مظفرآباد آنے والے سیاح سفر سے پہلے موسم کی صورت کا معلوم کرکے سفر شروع کریں۔

اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے مطابق پہاڑی علاقوں میں رات کے اوقات میں سفر سے گریز کریں۔، ‎مظفرآباد عوام ندی نالوں اور دریاؤں کے فلڈ لیول سے دور رہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp