ریاست پاکستان اور اداروں کے خلاف مہم کی تحقیقات، جے آئی ٹی کی ابتدائی تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آگئے

منگل 30 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ریاست پاکستان اور اداروں کے خلاف مہم کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے کام شروع کردیا ہے اور ابتدائی تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس نے 22 جولائی کو ملزم احمد وقاص کے خلاف ایف آئی آر درج کی، اور تحقیقات کے دوران یہ سامنے آیا کہ ریاست پاکستان اور اداروں کے خلاف سیاسی پارٹی سیکریٹریٹ میں ایک منظم سیل کام کررہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف مہم کی تحقیقات، حکومت نے جے آئی ٹی تشکیل دیدی

ذرائع کے مطابق شامل تفتیش افراد روزانہ کی بنیادوں پر اندرونی اور بیرونی طاقتوں کے ساتھ مل کر سوشل میڈیا ٹرینڈ چلاتے تھے، ایف آئی اے نے انہی بنیادوں پر 22 جولائی کو پیکا ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی، اور اب تفتیش کے دوران ہوشربا انکشافات منظرِ عام پر آرہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا نیٹ ورکس کے ذریعے پروپیگنڈا اور فیک نیوز پھیلانے سے متعلق اہم انکشافات سامنے آرہے ہیں اور تفتیشی معاملات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے کی تحقیقات کے لیے وزارت داخلہ نے 5 رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی کے ترجمان رؤف حسن کے جسمانی ریمانڈ میں 30 جولائی تک توسیع

مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں آئی جی اسلام آباد پولیس، ایف آئی اے کے 2 ڈائریکٹر سائبر کرائمز اور سی ٹی ڈبلیو، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی اسلام آباد پولیس شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp