‏خلیل الرحمان ہنی ٹریپ کیس: یہ کیسا درویش ہے، وہ تو صبح 4 بجے تہجد پڑھتے ہیں، عدالت

منگل 30 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کرنے کے مقدمہ میں مرکزی ملزمہ آمنہ عروج کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: خلیل الرحمان قمر کا اغوا، ڈراما بنانے گئے تھے اور فلم بن گئی

اس موقعے پر مرکزی ملزمہ آمنہ عروج کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے مؤکلہ کے خلاف کوئی ثبوت نہیں کہ انہوں نے ہنی ٹریپ کیا بلکہ ہنی ٹریپ تو انہیں کیا گیا تھا۔

ملزمہ آمنہ عروج نے عدالت سے کہا کہ ان کے منہ بولے بھائی حسن شاہ نے ہی ان کی ویڈیو وائرل کی ہے اور انہیں حسن شاہ اور خلیل الرحمان قمر نے بلیک میل کیا ہے۔

ملزمہ نے کہا عدالت کو بتایا کہ  ان کی 3 چھوٹی بہنیں اورایک بھائی ہے اور کوئی اورکمانےوالانہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تنخواہ سے گھر کا خرچہ پورا نہیں ہورہا تھا، اس وجہ سےماڈلنگ شروع کی۔

خلیل الرحمان قمر کے وکیل کا اس موقعے پر کہنا تھا کہ ان کا مؤکل درویش آدمی ہے۔
اس پر جج نے ریمارکس دیے کہ درویش آدمی تو صبح 4 بجے تہجد پڑ رہا ہوتا ہے، یہ کیسا درویش آدمی ہے۔

مزید پڑھیے: لڑکی سے ملنے رات کو کیوں گئے، خلیل الرحمان قمر نے دلچسپ وجہ بتادی

عدالت نے ملزمہ آمنہ عروج کے جسمانی ریمانڈ میں دو دن کی توسیع کردی۔ قبل ازیں عدالت نے نے 26 جولائی کو ملزمہ آمنہ عروج کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔

یاد رہے کہ خلیل الرحمان قمر کے ساتھ 15 جولائی کو ڈکیتی اور اغوا کی واردات پیش آئی تھی جبکہ انہوں نے اس حوالے سے ایف آئی آر 21 جولائی 2024 کو درج کروائی تھی۔ ایف آئی آر کے مطابق خلیل الرحمان قمر نے بیان دیا تھا کہ رات 12 بجے کے قریب نامعلوم نمبر سے آمنہ نامی خاتون نے فون کرکے اپنے گھر بلایا کہ وہ میرے ساتھ مل کر ڈراما بنانا چاہتی ہے۔ تاہم گھر پہنچنے کے کچھ دیر بعد مسلح افراد نے انہیں مارا پیٹا، پیسے مانگے اور سنسان جگہ پر پھینک دیا تھا۔

مزید پڑھیں: خلیل الرحمان قمر کا اغوا، ‘آمنہ نے تو ڈرامہ نگار کی خواہش پوری کی ہے‘

واقعہ منظرعام پر آنے کے بعد سینیئر صحافی عمر چیمہ نے دعویٰ کیا تھا کہ پولیس نے خلیل الرحمان قمر کی خاتون مداح کے ساتھ قابل اعتراض ویڈیو بھی برآمد کی ہے جس کا ذکر خلیل الرحمن قمر کے کہنے پر ایف آئی آر میں نہیں کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ خلیل الرحمان قمر بھی اسی وجہ سے ایف آر کرانے کے لیے تیار نہیں ہو رہے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp