اسماعیل ہنیہ کا قتل بزدلانہ فعل جس کی سزا دی جائے گی، حماس

بدھ 31 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اپنے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر بیان جاری کردیا ہے۔

حماس کی جانب سے جاری بیان میں اسماعیل ہنیہ اور ان کے محافظ کی تہران میں قاتلانہ حملے میں شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے فلسطینی عوام سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تہران: حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ قاتلانہ حملے میں شہید، بدلہ لیا جائے گا، حماس

حماس نے کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر عرب عوام، امت مسلمہ اور دنیا بھر کے انصاف پسند عوام سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

حماس کے سینیئر رہنما موسیٰ ابو مرزوق نے اپنے بیان میں کہا کہ اسماعیل ہنیہ پر قاتلانہ حملہ ایک بزدلانہ فعل ہے، اس حملے کے ذمہ داران کو سزا دی جائے گی، انہوں نے حملے کو سنگین واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کے قتل سے اسرائیل کو اپنے مقاصد حاصل نہیں کرپائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ایران محتاط، واضح مؤقف سے گریز

حماس رہنما سامی ابو زہری کا کہنا ہے کہ حماس بیت المقدس کو آزاد کرانے کے لیے کھلی جنگ لڑ رہی ہے اور اس مقصد کے لیے وہ ہر قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

’امریکی مدد کے بغیر حملہ ممکن نہیں تھا‘

پاپولرفرنٹ فارلبریشن آف فلسطین کے ترجمان مہر الطاہر نے کہا کہ اسرائیل تمام سرخ لکیروں کو عبور کرگیا ہے اور معاملات کو ایک جامع جنگ کی طرف دھکیل دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیمیں اسرائیل سے جنگ کے لیے پوری طرح تیار ہیں، اسماعیل ہنیہ کے قتل اور ایرانی خود مختاری پرحملے پر اسرائیلی حکومت کو پچھتانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی مدد کے بغیر اسماعیل ہنیہ کا قتل ممکن نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اسماعیل ہنیہ کون تھے اور اسرائیل کے لیے خوف کی علامت کیوں سمجھے جاتے تھے؟

واضح رہے کہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو رات گئے تہران میں ان کی قیام گاہ پر ایک قاتلانہ میں شہید کردیا گیا تھا۔ ایران کی جانب سے بھی اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی تصدیق کی گئی ہے تاہم ایرانی حکومت نے تاحال حملے کی ذمہ داری کسی پر عائد نہیں کی۔

ایرانی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت اسماعیل ہنیہ پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کررہی ہے جس کے نتائج سے جلد آگاہ کردیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp