’بہت فنکار شارک ہے جو بار بار پاکستانی کیبل ہی کو نشانہ بناتی ہے‘، انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے پر صارفین کے تبصرے

بدھ 31 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک بھر میں انٹرنیٹ سسٹم ڈاؤن ہوگیا۔ انٹرنیٹ کی سروس منقطع ہونے سے عوام کو پریشانی کا سامنا ہے، تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے بڑے شہر کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت میں کئی شہروں میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہے، انٹرنیٹ سروسز پی ٹی سی ایل کی فائبر آپٹک میں خرابی کے باعث تعطل کا شکار ہے۔

انٹرنیٹ سروس معطل ہونے پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ کیا ایک مرتبہ پھر سے شارک کے حملے کی وجہ سے انٹرنیٹ سروس معطل ہونا شروع ہوئی ہے؟ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آخر ہونے کیا جا رہا ہے؟

ایک صارف نے طنزاً لکھا کہ یہ بہت ہی فنکار شارک ہے جو خاص طور پر بار بار پاکستانی انٹرنیٹ کیبل کو نشانہ بناتی ہے۔

اکانومی آف پاکستان نامی پیج نے انٹرنیٹ سروس کی معطلی پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ اسلام آباد میں انٹرنیٹ بری طرح کام کر رہا ہے یہ فائر وال یا کوئی اور مسئلہ ہو سکتا ہے لیکن یقینی طور پر آئی ٹی سیکٹر سب سے زیادہ نقصان اٹھانے والا ہے۔

عبد اللہ نامی صارف کا کہنا تھا کہ پی ٹی سی ایل کا انٹرنیٹ ملک بھر میں بالکل کام نہیں کر رہا۔ ساتھ ہی انہوں نے حکمرانوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ کاش! ہم کسی اچھے ملک میں زندگی بسر کر سکتے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 26 جولائی کو ملک میں نئے انٹرنیٹ سیکیورٹی نیٹ ورک سسٹم کی آزمائش سے نہ صرف سوشل میڈیا ایپلی کیشنز بلکہ انٹرنیٹ کی رفتار بھی سست ہوگئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp