جماعت اسلامی کے دھرنے میں شرکت کے لیے پی ٹی آئی کا مشاورتی اجلاس طلب

بدھ 31 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جماعت اسلامی کے دھرنے میں شرکت کے لیے مشاورتی اجلاس طلب کر لیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔

مشاورتی اجلاس تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی رہائش گاہ پر بلایا گیا ہے۔ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، اسد قیصر، محمود خان اچکزئی، علامہ راجہ ناصر عباس اور دیگر اتحادی جماعتوں کے رہنماء شریک ہوں گے۔

اجلاس میں وفد کی صورت میں جماعت اسلامی کے دھرنے میں شرکت کرنے پر مشاورت کی جائے گی۔

پی ٹی آئی رہنما اور کارکنان جماعت اسلامی کے دھرنے میں شرکت کریں، عمران خان

واضح رہے کہ عمران خان نے گزشتہ روز جماعت اسلامی کے دھرنے کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کو جماعت اسلامی کے دھرنے میں شرکت کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اڈیالہ جیل میں نئے توشہ خانہ کیس کی سماعت کے موقع پر عمران خان نے کہا تھا کہ ‏‏مہنگی بجلی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی نے دھرنا دیا جو زبردست اور اچھا فیصلہ ہے۔

عمران خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ ملک میں غیر یقینی صورتحال اور مہنگائی کے طوفان نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالات یہ ہیں میرے جیل کے کمرے کی صفائی کرنے والے کا بجلی کا بل 40 ہزار روپے آیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ بجلی کے بلوں اورٹیکسز میں ہوشربا اضافے پر جماعت اسلامی کے دھرنے کی حمایت کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہ میری پارٹی قیادت اور کارکنان کو ہدایت ہے کہ وہ جماعت اسلامی کے دھرنے میں شرکت کریں۔

جماعت اسلامی گورنر ہاؤس کے اندر دھرنا دے، ضیافت بھی ہوگی، کامران ٹیسوری

علاوہ ازیں گزشتہ روز گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے  بھی مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ جماعت اسلامی کے دھرنا مظاہرین کا گورنر ہاؤس میں انتظار کریں گے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف دھرنے کی حمایت کرتا ہوں، بارش کے پیش نظر پکوڑوں کے علاوہ کھانے پینے کا بھی بندوبست کروں گا۔

کامران ٹیسوری نے جماعت اسلامی کی قیادت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو مشکلات میں مبتلا کرکے ان سے انتقام مت لیں، گورنر ہاؤس کے اندر دھرنا دیں۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ دھرنے میں شریک نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز میں داخلے کی آفر کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی کا بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے راولپنڈی کے لیاقت باغ میں دھرنا 26 جولائی سے جاری ہے۔

جماعت اسلامی کی جانب سے مہنگائی اور آئی پی پیز کے معاہدوں کے خلاف راولپنڈی کے لیاقت باغ پر جاری دھرنے کو دیگر شہروں میں پھیلانے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔

 راولپنڈی میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس کراچی کے باہر دھرنا شروع ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں کراچی پھر لاہور اور ملتان میں دھرنا دیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp