اسلام آباد کے رہائشی بہادر علی گزشتہ 5 سال سے گلی گلی گھوم کر عطر، انگوٹھیاں اور مصنوعی زیورات فروخت کررہے ہیں۔ پہلے وہ فیض آباد میں یہی سامان بیچتے تھے، مگر پھر انہیں ایک انوکھا خیال آیا۔ انہوں نے اپنے موٹر سائیکل کے ساتھ ایک خوبصورت ریڑھی جوڑی اور اس کے ذریعے اپنے کاروبار کو وسعت دی۔
یہ بھی پڑھیں: آئسکریم بیچنے والی لڑکی اربوں کے کاروبار تک کیسے پہنچی؟
بہادر علی کا یہ منفرد آئیڈیا کامیاب ثابت ہوا، انہوں نے اپنی محنت سے ایک گھر خریدا، اپنے 7 بچوں کی بہتر طریقے سے کفالت کی اور اپنے والدین کا خیال رکھا۔ ان کا ماننا ہے کہ اس کاروبار نے انہیں باعزت زندگی فراہم کی ہے۔
بہادر علی کا پیغام ہے کہ نوجوان اپنا کام شروع کریں، چاہے وہ چھوٹا ہی کیوں نہ ہو۔ بہادر علی کی محنت اور عزم نے ثابت کردیا ہے کہ اگر انسان دل لگا کر کوئی کام کرے تو اس کی کامیابی یقینی ہے۔