لاپتا افراد کے خاندانوں کے لیے امدادی پیکیج کا اعلان

جمعہ 2 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی کابینہ نے لاپتا افراد کی فیملیز کے لیے 50 لاکھ روپے سپورٹ پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔

اسلام آباد میں لاپتا افراد کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ملکی مسائل میں اہم معاملہ لاپتا افراد کا ہے، اس معاملے پر کئی سالوں سے بات ہورہی تھی کہ لوگوں کے لاپتا ہونے کی وجوہات کیا ہیں، لاپتا افراد کے معاملے میں صرف ایجنسیاں ہی ملوث نہیں ہیں، لاپتا افراد کی تعداد کیا ہے اور اس میں ریاست کے ادارے کس حد تک ملوث ہیں، اس حوالے سے سپریم کورٹ نے فیصلے کے ذریعے ڈائریکشن دی جس کے بعد لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے کمیشن بنا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ: لاپتا افراد کیسز میں لارجز بینچ کی تشکیل

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ لاپتا افراد کمیشن پچھلے 13 سال سے کام کررہا ہے، حکومتی سطح پر بھی اس حوالے سے کوششیں ہوئیں، پارلیمان میں اس پر بحث بھی ہوئی اور اس حوالے سے قانون سازی کی تجاویز بھی ہیں۔

وزیرقانون نے کہا کہ جب 2022 میں پی ڈی ایم حکومت آئی تو وزیراعظم شہباز شریف نے وزرا کی ایک کمیٹی قائم کی، جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے شامل تھے۔’مجھے اس کمیٹی کا کنویئر بنایا گیا تھا، اس کمیٹی کی مختلف میٹنگز ہوئیں، ہم کوئٹہ گئے، وہاں لاپتا افراد کے لواحقین سے گفتگو کی۔‘

انہوں نے کہا کہ ہم نے ریاست کی ایجنسیز کا مؤقف بھی سنا، اس عرصے میں حکومت کا وقت ختم ہوگیا، پھر نگراں حکومت آگئی، نگراں حکومت میں بھی یہ کمیٹی دوبارہ قائم کی گئی اور کچھ پچھلی ٹرمز پر کام کرتے ہوئے نگراں حکومت کی کمیٹی نے عسکری اداروں سے بھی لاپتا افراد کے حوالے سے سوال، جواب کیے۔

یہ بھی پڑھیں: لاپتا افراد کیس جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے، سپریم کورٹ میں درخواست دائر

ان کا کہنا تھا کہ نگراں دور حکومت میں ایک رپورٹ مرتب کی گئی تھی، اس رپورٹ کی سفارشات کو وفاقی کابینہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں منظور کیا ہے، لاپتا افراد کے مسئلے سے جڑے ہوئے کچھ مسائل ہیں، کسی شخص کا لاپتا ہونا اس کی فیملی کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے، لیکن کابینہ نے لاپتا افراد کے لیے امدادی پیکیج کی منظوری دی ہے، لاپتا افراد کی فیملیز کے لیے 50 لاکھ روپے سپورٹ پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp