پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت ختم کرتے ہوئے ان سے قومی اسمبلی سے بھی استعفی دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔
پی ٹی آئی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل فردوس شمیم نقوی کے دستخط سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شیر افضل مروت نوٹس پیریڈ پر تھے،نوٹس پیریڈ کے دوران انضباطی کمیٹی نے محسوس کیا کہ شیر افضل مروت کو پارٹی ضوابط کا کوئی خیال نہیں ہے، شیرافضل مروت خودکوپارٹی قوانین سے بالاتر سمجھتےہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگر شیر افضل مروت ایک عزت دار شخص ہیں تو وہ قومی اسمبلی کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیں۔
شیرافضل مروت کا ردعمل
پارٹی رکنیت ختم کیے جانے پر شیر افضل مروت نے اپنے ردعمل میں کہا ’میں پارٹی کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں لیکن ایک بات واضح کر دوں خان کا سپاہی تھا،ہوں اور رہوں گا اور اپنی حیثیت میں لیڈر کی رہائی کی جو کوشش کر سکا کروں گا۔‘
شیرافضل مروت نے کہا کہ میں قومی اسمبلی کی نشست کے حوالے سے حلقے اور قبیلے کے لوگوں کواعتماد میں لوں گا، میرے قائد کے کانوں میں میرے خلاف زہر گھولا گیا ہے، غلط فہمیاں پیدا کی گئی ہیں، میں کوشش کروں گا لیڈر سے ملکر اپنا مؤقف ان کے سامنے پیش کروں۔
انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان کو مطمئن کرنے کی کوشش کریں گے۔ ’اگر وہ مطمعن نہ ہوئے تو سیٹ ان کی امانت ہے، اسی وقت واپس لوٹا دوں گا، مجھے یقین ہے میرا لیڈر جلد رہا ہوگا۔‘
شیر افضل مروت نے کہا کہ پارٹی کے اندر کسی لیڈر یا کارکن کی ان کی کسی فعل سے دل آزاری ہوئی ہو تو تہہ دل سے معذرت خوا ہیں۔ امید کرتے ہیں پارٹی رہنما میرے خلاف بیان بازی سے گریز کریں گے تاکہ باہمی احترام کے اصول پامال نہ ہوں۔
’کیونکہ میرے کوئی سیاسی عزائم نہیں، لہذا اس فیصلے کا میرے مستقبل پر مثبت یا منفی اثر نہیں پڑے گا ،لیکن مجھے افسوس رہے گا کہ مجھے باضابطہ سنے بغیر میرے خلاف یکطرفہ فیصلہ صادر کر دیا گیا۔‘
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کی شیرافضل مروت کی حمایت
چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر شیر افضل مروت کے حق میں کھڑے ہوگئے ہیں، انہوں نے شیر افضل مروت کی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفیکیشن واپس کروانے کا اعلان کیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے وی نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ وہ آج عمران خان سے ملاقات کریں گے اور عمران خان کے سامنے ساری صورتحال رکھیں گے۔ ’مجھے نہیں معلوم کہ اس وقت کون ہدایات جاری کررہا ہے اور کون فیصلے لے رہا ہے، میرے علم میں یہ بات نہیں لائی گئی کہ عمران خان نے اس قسم کی کوئی ہدایات جاری کی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ شیر افضل مروت کی رکنیت کیسے ختم کر دی گئی، جب کسی کمیٹی نے ان کو بلایا تک نہیں۔’میں عمران خان سے ملاقات کروں گا اور اس نوٹیفیکیشن کو واپس کرواؤں گا، شیر افضل مروت ہماری پارٹی کے رکن ہیں اور عمران خان کے وفادار ہیں۔‘