جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کو اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے جانا چاہیے تھا۔
راولپنڈی میں یکجہتی فلسطین ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت ایک بیان دے کر پیچھے ہٹ گئی، یہ حق کے راستے ہیں باطل کا ساتھ دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں راولپنڈی دھرنے میں اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا، اسرائیل برباد ہوکر رہے گا، حافظ نعیم الرحمان
انہوں نے کہاکہ یہ سمجھتے ہیں امریکا کی رضامندی کے بنا کوئی قدم اٹھایا تو ہماری حکومتیں چلی جائیں گی۔ پاکستان کے پاس مضبوط فوج ہے مگر جو ٹولہ ہمارے سروں پر مسلط ہے ان کی وجہ سے اسرائیل ہمارے لوگوں کو شہید کررہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پوری امت کی طرف سے فرض کفایہ ادا کرنے والے مجاہد اسماعیل ہنیہ کو شہید کردیا گیا، اسرائیل اب سمجھ رہا ہوگا کہ فلسطین کو فتح کرلے گا، تاریخ نے یہ ثابت کیا کہ حق کے راستے میں دی جانے والی قربانیاں دنیا و آخرت میں کامیابی کا سبب بنتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جتنے فلسطینی رہنماؤں سے ملاقات ہوئی وہ سب پرعزم تھے، اسماعیل ہنیہ کے صاحبزادے کو دیکھ کر لگا یہ لوگ حوصلے کی چٹانیں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ فلسطینی قوم ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں ہے، سلام ہے قائداعظم کو جنہوں نے کہا تھا ہم اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتے۔
یہ بھی پڑھیں حکمرانوں کی نااہلی کا عذاب قوم بھگت رہی ہے، دھرنے کے آئندہ فیز میں اہم شاہراہوں پر بیٹھیں گے، حافظ نعیم الرحمان
امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ اسرائیل نے غزہ کو جیل بنا دیا ہے، اگر حماس کی جانب سے یہ جنگ نہ لڑی جاتی تو سب کچھ ختم ہوجانا تھا۔
انہوں نے کہاکہ ہم پوری مسلم امہ کی جانب سے فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کر رہے ہیں۔