پاکستان میں صدر، وزیراعظم اور چیف جسٹس کے نام کی شُہرت سے متعلق گیلپ سروے جاری

ہفتہ 3 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گیلانی ریسرچ فاؤنڈیشن (گیلپ سروے) نے پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے نام کی شہرت سے متعلق سروے جاری کر دیا ہے۔

گیلپ سروے آف پاکستان کی جانب سے منعقد کیے گئے سروے کے مطابق ہر 10 میں سے 6 پاکستانی نوجوان پاکستان کے موجوہ صدر کا نام درست بتانے میں ناکام رہے، جنس کے اعتبار سے اور دیہی اور شہری علاقوں میں رہنے والے افراد میں اس حوالے سے نمایاں فرق پایا گیا۔

سروے میں ملک بھر سے شماریاتی طور پر منتخب خواتین و حضرات سے یہ سوال پوچھا گیا تھا کہ برائے مہربانی پاکستان کے موجودہ صدر کا نام بتائیں ؟۔ اس سوال کے جواب میں %39 جواب دہندگان نے پاکستان کے موجودہ صدر کے نام کے حوالے سے درست جواب دیا۔

30 جواب دہندگان نے پاکستان کے موجودہ صدر کے نام کے حوالے سے غلط جواب دیا، جب کہ 30 فیصد جواب دہندگان کو پاکستان کے موجودہ صدر کا نام ہی معلوم نہیں اسی طرح 1 فیصد جواب دہندگان نے کسی رائے کا اظہار نہیں کیا۔

جنس کے اعتبار سے کیے گئے سروے کے مطابق پاکستان کے موجودہ صدر کا نام درست بتانے والوں کی شرح پاکستانی خواتین (29 فیصد) کی نسبت پاکستانی مرد حضرات ( 50 فیصد)  میں زیادہ پائی گئی۔

شہری اور دیہی اعتبار سے دیہی علاقوں میں رہنے والے افراد (37فیصد )کی نسبت، شہری علاقوں میں رہنے والے افراد (43 فیصد) میں پاکستان کے موجودہ صدر کا نام معلوم ہونے کی شرح زیادہ پائی گئی۔

وزیراعظم پاکستان کے نام کی شہرت

گیلپ سروے آف پاکستان کے مطابق وزیراعظم کے نام کی شہرت کے حوالے سے کیے گئے سروے کے مطابق 65 فیصد لوگوں نے پاکستان کے موجودہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے نام سے مکمل آگاہ نظر آئے اور بالکل درست نام بتایا۔

20 فیصد پاکستانیوں نے غلط جواب دیا جبکہ 14 فیصد نے وزیراعظم کے نام سے لاعلمی کا اظہار کیا جو کہ وزیر اعظم پاکستان کے نام سے نا واقف تھے۔

سروے میں وزیر اعظم کا نام درست بتانے والوں میں مردوں کی اکثریت کی شرح 71 فیصد رہی جبکہ 61 فیصد خواتین نے وزیر اعظم کا نام درست بتایا۔ دیہی علاقوں کے مقابلے میں شہروں میں وزیراعظم کے نام سے زیادہ پاکستانی آگاہ نکلے۔ دیہاتوں میں 63 فیصد اور شہروں میں 72 فیصد افراد نے وزیر اعظم کا درست نام بتایا۔

چیف جسٹس آف پاکستان کے نام کی شہرت

گیلپ سروے آف پاکستان کے مطابق پاکستانیوں کی تھوڑی سی تعداد (13فیصد) پاکستان کے موجودہ چیف جسٹس کا نام درست بتانے میں کامیاب رہی، مرد حضرات (23 فیصد) اور شہروں میں ( 19 فیصد) افراد چیف جسٹس کے نام سے آگاہ ہیں۔

سروے میں ملک بھر سے شماریاتی طور پر منتخب خواتین و حضرات سے یہ سوال پوچھا گیا تھا کہ ’برائے مہربانی پاکستان کے موجودہ چیف جسٹس کا نام بتائیں؟‘۔ اس سوال کے جواب میں 13 فیصد جواب دہندگان نے پاکستان کے موجودہ چیف جسٹس کے نام کے حوالے سے درست جواب دیا، 42 فیصد جواب دہندگان نے پاکستان کے موجودہ چیف جسٹس کے نام کے حوالے سے غلط جواب دیا،

اسی طرح 44 فیصد جواب دہندگان کو پاکستان کے موجودہ چیف جسٹس کا نام معلوم ہی نہیں، تاہم 19 فیصد جواب دہندگان نے اس حوالے سے کسی رائے کا اظہار نہیں کیا۔

جنس کے اعتبار سے کرائے گئے سروے کے مطابق پاکستان کے موجودہ چیف جسٹس کا نام درست بتانے والوں کی شرح پاکستانی خواتین (4 فیصد) کی نسبت پاکستانی مرد حضرات (23 فیصد) میں زیادہ پائی گئی۔

شہری اور دیہی علاقوں کے اعتبار سے کرائے گئے سروے کے مطابق دیہی علاقوں میں رہنے والے افراد (10فیصد) کی نسبت، شہری علاقوں میں رہنے والے افراد (19فیصد) میں پاکستان کے موجودہ چیف جسٹس کا نام معلوم ہونے کی شرح 2 گناہ زیادہ پائی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp