خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشیں اور سیلاب: مختلف واقعات میں بچوں اور خواتین سمیت 11 افراد جاں بحق

اتوار 4 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع ہونے والی طوفانی بارشوں کے باعث سیلاب کے نتیجے میں 24 گھنٹوں کے دوران بچوں اور خواتین سمیت 11 افراد جاں بحق  اور 8 زخمی ہوگئے۔

ضلع کرک میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی ہے اور سیلابی ریلے میں بہہ کر 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔

ریسکیو کے مطابق تحصیل تخت نصرتی میں تیز بارشوں سے مختلف واقعات کے دوران 4 افراد سیلابی ریلے میں ڈوب گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا اور چاروں افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔

ریسکیوترجمان کے مطابق جاں بحق افراد کی عمریں 12 سے 60 سال کے درمیان ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:لاہور میں طوفانی بارش، وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر امدادی کارروائیاں جاری

ریسکیو 1122 ٹانک کے مطابق ایک دوسرے واقعہ میں خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک کے گاؤں کوٹ مرتضیٰ میں ایک گھر کی 3 کمروں کی چھت گر نے سے ایک بچہ اور 2 خواتین کی جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں:طوفانی بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ، مظفرآباد کو اسلام آباد سے ملانے والی مرکزی شاہراہ بند

جاں بحق ہونے والوں میں اسمہ بی بی زوجہ رحمان، سعدیہ بی بی دختر  رحمان  اور بچہ وحید اللہ ولد رحمان شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں نصیب اللہ ولد رحمان، عرفان ولد رحمان اور عصمت اللہ ولد رحمان شامل ہیں۔

اسی طرح ضلع چارسدہ میں بھی مکان کی چھت گرگئی ہے جس میں دب کر خاتون جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ ریسکیو کے مطابق واقعہ چارسدہ کے علاقے عمر زئی میں پیش آیا ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق ٹانک آپریشن میں 3 ایمبولینسز اور ایک ڈیزاسٹر وہیکل متاثرہ مقام پر موجود ہے۔ ریسکیو 1122 ٹانک کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے کے مطابق یکم جولائی سے اب تک مون سون بارشوں کے باعث 53 افراد جاں بحق جبکہ 89 زخمی ہوئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp