ڈراما نگار خلیل الرحمان قمر کے بعد لاہور میں ایک اور نوجوان ہنی ٹریپ کا شکار ہوگیا، لڑکی نے دوستوں سے پٹوا کر رقم اپنے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کروا لی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے تھانے کاہنہ کی حدود میں حمزہ نامی نوجوان کی کچھ عرصہ قبل ایک لڑکی سے دوستی ہوئی، دونوں کے درمیان جان پہچان بڑھ گئی اور دونوں میں قربت بھی بڑھ گئی۔
یہ بھی پڑھیں: خلیل الرحمان قمر کا اغوا، ڈراما بنانے گئے تھے اور فلم بن گئی
گزشتہ دن لڑکی نے حمزہ کو کہا کہ ناشتہ لے کر میرے فلیٹ پر آجاؤ، حمزہ ناشتہ لے کر اس کے فلیٹ پر گیا، ناشتہ ٹیبل پر لگایا جارہا تھا کہ 3 ہٹے کٹے افراد بھی وہاں آگئے، جنہوں نے حمزہ گنیں تان لیں اور اسے مار مار کر لہولہان کر دیا۔
اس دوران لڑکی ویڈیو بھی بناتی رہی، لڑکی نے حمزہ کا موبائل فون لے لیا اور اس سے بینک اکاؤنٹ کا پاسورڈ بھی معلوم کرلیا، جس کے بعد لڑکی نے 66 ہزار روپے اپنے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرلیے، اور پھر حمزہ کا فون اور پرس چھین کر اس سے بھی 14ہزار روپے نکال لیے، جس کے بعد حمزہ کو دھکے دے کر فلیٹ سے نکال دیا۔
یہ بھی پڑھیں: خلیل الرحمان ہنی ٹریپ کیس: یہ کیسا درویش ہے، وہ تو صبح 4 بجے تہجد پڑھتے ہیں، عدالت
کاہنہ پولیس نے متاثرہ نوجوان کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے لڑکی سمیت ہنی ٹریپ گینگ کے 3 ملزمان کو گرفتارکرلیا ہے، ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس نے ملزمان سے ویڈیوز برآمد کر لیں جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ خلیل الرحمان قمر کے ساتھ بھی ہنی ٹریپ کا واقعہ پیش آیا تھا، خلیل الرحمن کی 21 جولائی کو درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق آمنہ عروج نامی خاتون نے خلیل الرحمن فون کر کے کہا کہ وہ ان کی بہت بڑی فین ہے اور ایک ڈرامہ بنانا چاہتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خلیل الرحمان قمر کی بیٹی نفرت کا شکار، سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا
خلیل الرحمان قمر خاتون کی جانب سے سینڈ کی گئی لوکیشن پر پہنچے تو انہیں ایک کمرے میں بٹھایا گیا جہاں کچھ نامعلوم مسلح ملزمان آئے اور زدوکوب کے بعد موبائل فون، نقدی، اے ٹی ایم اور دیگر چیزیں چھین لیں۔
ڈرامہ نگار کے مطابق انہیں آنکھوں پر پٹی باندھ کر نامعلوم مقام پر لے جایا گیا جہاں ملزمان نے مزید 10 لاکھ روپے کی رقم منگوانے کا مطالبہ کیا، مطالبہ پورا نہ ہونے پر وہ انہیں نامعلوم جگہ پر پھینک کر فرار ہوگئے۔