افواج پاکستان نے ’یوم استحصال کشمیر‘ کے موقع پر مقبوضہ جموں کشمیر کے بہادر عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افواج پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے ان کی جہدوجہد کی حمایت کرتی ہیں۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے اتوار کو جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یوم استحصال کشمیر‘ کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان اور افواج پاکستان نے مقبوضہ جموں کشمیر کے بہادر عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اقوام عالم کشمیری اسیران کی رہائی کے لیے کردار ادا کرے، حریت رہنماؤں کا مطالبہ
بیان میں کہا گیا ہے کہ افواج پاکستان واضح طور پر حق خودارادیت کے لیے مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کی جائز اور طویل جدوجہد کی حمایت کرتی ہیں۔
بیان کے مطابق بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں بشمول جاری ظالمانہ فوجی محاصرہ، مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی غیر قانونی کوششیں اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں انتہائی قابل مذمت ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہبھارتی حکومت ان غیر منصفانہ اقدامات، جارحانہ بیانات اور معاندانہ رویے کے ساتھ مقبوضہ جموں کشمیر میں سلامتی اور انسانی بحران پیدا کر رہی ہے، بھارت کے یہ اقدامات علاقائی استحکام کے لیے مستقل خطرہ ہیں۔
مزید پڑھیں:او آئی سی رابطہ گروپ اجلاس؛ کشمیریوں کو بنیادی حقوق سے محروم کرنے کے بھارتی ہتھکنڈوں کی مذمت
آئی ایس پی آر کے مطابق خطے میں پائیدار امن و استحکام کا دارومدار اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق دیرینہ تنازع کشمیر کے حل میں ہے۔
بیان کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج مقبوضہ کشمیر کے شہدا کو ان کی غیر معمولی قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتی ہیں اور سیاسی، اخلاقی اور انسانی بنیادوں پر ظلم و جبر کے خلاف کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی حمایت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔