ہماری کشمیر پالیسی پر نقطے کے برابر بھی تبدیلی نہیں آئی، وزیراعظم آزاد کشمیر

پیر 5 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ بطور وزیراعظم یقین دلاتا ہوں کہ ہماری کشمیر پالیسی پرایک نقطے کے برابر بھی کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

یوم استحصال کشمیر کے موقع پر وی نیوز سے خصوصی گفتگو میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ وہ مایوس نہیں ہیں اور انہیں یقین ہے کہ کشمیر کی آزادی کی تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: 5 اگست جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، وفاقی وزیر امورِ کشمیر امیر مقام

انہوں نے کہا کہ آج کا دن کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، 5 سال پہلے آج کے دن بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کا فوجی محاصرہ کرکے اس کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی، دفعہ 35 اے ختم کر کے ڈیموگرافک تبدیلی کے لیے راہ ہموار کی اور جموں و کشمیر کو 2 یونین ٹیریٹریز میں تقسیم کیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ گزشتہ چند سال کے دوران تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے دھند چھائی رہی، اگر پالیسی تبدیل ہو تو کہا جاسکتا ہے کہ تحریک سوالیہ نشان بن رہی ہے لیکن ایسا نہیں ہے، کشمیر پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ جموں و کشمیر میں عسکریت پسندوں سے مقابلے میں 4 بھارتی فوجی ہلاک

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ہندو اکثریتی علاقے جموں میں جو ردعمل آیا وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مودی کی کشمیر پالیسی ناکام ہوگئی ہے، مودی کی کشمیر پالیسی اس لیے بھی نا کام ہوگئی ہے کیونکہ ان کو حال ہی میں ہونے والے پارلیمنٹ کے الیکشن کے لیے وادی کشمیر میں ایک بھی  امیدوار نہیں ملا۔

چوہدری انوارالحق کا کہنا تھا کہ یہ تحریک کامیابی کی طرف بڑھ رہی ہے، اگر آزاد کشمیر کا کوئی بھی وزیراعظم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ بے وفائی کرے گا تو وہ عبرت کا نشان بن جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کا مقبوضہ کشمیر پر یک طرفہ اقدام برقرار رکھنا باعث تشویش ہے، او آئی سی

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق لائن آف کنٹرول کے دونوں طرف اور دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری ہیں، یہ جنگ ہمیں خود لڑنی ہے، اگر ہم یہ توقع کریں کہ ہماری جنگ کوئی اور لڑے گا تو یہ ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو پاکستان کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت حاصل ہے اور ایک روشن پاکستان تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے لازم ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp