ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری آج اہم پریس کانفرنس کریں گے

پیر 5 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری آج دن 3بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر پریس کانفرنس میں ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور قومی سلامتی سے متعلق امور پر میڈیا کو بریفننگ دیں گے۔ ترجمان پاک فوج نے گزشتہ پریس بریفننگ میں میڈیا سے بات چیت کے تسلسل کو باقاعدگی سے برقرار رکھنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

اس سے قبل 22جولائی کو ہونے والی پریس بریفننگ میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ بڑھتے ہوئے جھوٹ اور پروپیگنڈے کی وجہ سے یہ ضروری تھا کہ پریس کانفرنسز باقاعدگی سے منعقد کریں تاکہ ناصرف کسی بھی صورت حال پر مؤقف کی وضاحت ہوسکے بلکہ جان بوجھ کر پھیلائی گئی افواہوں اور جھوٹ کا سد باب ہوسکے۔

مزید پڑھیں: 9 مئی کے منصوبہ سازوں کو ڈھیل دی جائے گی تو فسطائیت بڑھے گی، ڈی جی آئی ایس پی آر

انہوں نے کہا تھا کہ آپریشن عزم استحکام ایک ہمہ گیراورمربوط مہم ہے، جسے قانونی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حمایت حاصل ہوگی۔ آپریشن کو سبوتاژ کرنے کے لیے ایک بہت بڑا غیر قانونی، سیاسی مافیا کھڑا ہوا ہے اور اس مافیا کا پہلا قدم جھوٹے دلائل کے ذریعے آپریشنز کو متنازع بنانا تھا۔

انہوں نے نیشنل ایکشن پلان کے 14 نکات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آپریشنز شاندار انداز میں جاری ہیں اور ہر گھنٹے میں 4 سے 5 آپریشنز کیے جاتے ہیں۔

’تمام سیاسی جماعتوں نے غیر قانونی اسپیکٹرم ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک میں غیر قانونی اسپیکٹرم میں دہشتگردی پنپ رہی ہے اور ہم سب نے فیصلہ کیا ہے کہ اس کا خاتمہ کرنا ہے‘۔

انہوں نے بتایا تھا کہ 2014 اور 2021 میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ صوبائی سطح پر انسداد دہشتگردی کے محکمے قائم کیے جائیں گے اور وہ دہشتگردی کے خلاف آپریشنز کی قیادت کے ذمہ دار ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں سے نمٹنے کے لیے قوم اپنا کردار ادا کرے، سیاچن سے پاک آرمی کے جوانوں کا پیغام

ترجمان پاک فوج نے گزشتہ پریس کانفرنس میں ملک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاک فوج کے خلاف ایک منظم اور من گھڑت پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، ایک طاقتور لابی ’عزم استحکام آپریشن‘ کے مقاصد کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہے، جو فوج اور ملک کے خلاف ڈیجیٹل دہشتگردی میں ملوث ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp