لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر ایک عظیم کرکٹر ہیں لیکن ان کے مداحوں کو ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں ہیں۔ ان کی شادی کے وقت سسرالیوں کے تاثرات بھی کچھ کم دلچسپ نہیں جس پر سے پردہ کسی اور نے نہیں بلکہ ان کی ساس نے اپنی کتاب میں اٹھایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سچن ٹنڈولکر کیخلاف بولنگ کیوں مشکل لگتی تھی؟ مایہ ناز بولر جیمز اینڈرسن نے بھید کھول دیا
سچن ٹنڈولکر اور ان کی اہلیہ انجلی کی کہانی پہلی نظر میں محبت کا ایک کلاسک واقعہ ہے اور وہ سچن ہی تھے جنہوں نے انجلی کے والدین سے شادی کے لیے پہلی بار بات کی تھی۔
سچن ٹنڈولکر کی ساس انابیل مہتا نے اپنی کتاب ’مائی پیسج ٹو انڈیا‘ میں سنہ 1950 کی دہائی میں محبت کے لیے انگلینڈ سے ہندوستان تک کے اپنے غیر معمولی سفر کا احوال لکھا ہے تاہم اسی یادداشت میں انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ ایک 19 سالہ لڑکے نے اکیلے پہنچ کر جب ان کی اکلوتی بیٹی ٰکا ہاتھ مانگا تو ان کا کیا ردعمل تھا۔
انابیل مہتا نے لکھا کہ سچن ہندوستانی کرکٹ کے آسمان کے سب سے روشن ستارہ تھے اس وجہ سے ان کے ذہن میں تھا کہ کہیں وہ دیگر کرکٹرز کی طرح پلے بوائے نہ ہوں۔
مزید پڑھیے: ٹنڈولکر نے ویرات کوہلی کو 50 ویں سینچری پر کیا پیغام دیا؟
اس کے علاوہ سب سے اہم بات جس کے باعث انابیل کو اپنی بیٹی کا ہاتھ سچن ٹنڈولکر کے ہاتھوں میں دینے پر ہچکچاہٹ ہورہی تھی وہ یہ بھی تھی کہ انابیل نے ہمیشہ یہ تصور کیا تھا کہ وہ اپنی بیٹی کی شادی جس کے ساتھ کریں گی وہ ایک طویل القامت، سیاہ اور مردانہ وجاہت والا ایک خوبرو جوان ہوگا لیکن ٹنڈولکر کے ساتھ معاملہ مختلف تھا۔
سچن ٹنڈولکر کی ساس نے لکھا کہ ان کا ہونے والا داماد اس وقت صرف 19 سال کا تھا اور اس کا قد ان کی بیٹی سے معمولی سا نکلتا ہوا تھا۔ واضح رہے کہ ٹنڈولکر کا قد 5 فٹ 5 انچ ہے۔
انابیل نے لکھا کہ اس طرح ان کی بیٹی اونچی ہیل والی سینڈل بھی نہیں پہن سکتی تھی جو اسے بیحد پسند تھی۔
سچن ٹنڈولکر کی انجلی سے سچی اور والہانہ محبت
انہوں نے کہا کہ انجلی نے مجھے بعد میں بتایا کہ سچن نے شروع میں انہیں بتادیا تھا کہ وہ ان سے شادی کے لیے سنجیدہ ہیں اور وہ ان کی پہلی گرل فرینڈ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انجلی بتاتی تھی کہ دونوں ایک دوسرے سے والہانہ محبت کرتے تھے اس لیے وہ یہ بات سمجھتی تھیں کہ ان کی بیٹی سچن ٹنڈولکر کے ساتھ خوش رہے گی۔
مزید پڑھیں: ورلڈ کپ 2023: ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ برابر کر لیا
انابیل نے بتایا کہ سچن اور انجلی کی منگنی سچن کی 21ویں سالگرہ کے موقعے پر یعنی 24 اپریل 1994 کو ہمارے گھر پر ہوئی جس میں 25 رشتے داروں نے شرکت کی اور پھر بعد میں پریس کے ذریعے اس بات کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا۔ سچن ٹنڈولکر اور انجلی مہتا کی شادی مئی 1995 میں ہوئی تھی اور اس وقت عظیم کرکٹر کی عمر صرف 22 برس تھی۔