چمن و گردو نواح میں زلزلے سے 3 بچے جاں بحق، 3 خواتین زخمی

ہفتہ 1 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چمن اور گردو نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث دو کچے مکانات منہدم ہونے سے تین بچے جاں بحق جب کہ تین خواتین زخمی ہوگئیں۔

قلعہ عبداللہ، چمن اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکوں کے باعث علاقہ مکینوں میں خوف وہراس پیدا ہوگیا۔ جب کہ چمن کے علاقے بلال زئی کالونی میں دو کچے مکانات منہدم ہوگئے، جب کہ متعدد مکانات میں دراڑیں پڑ گئیں۔

زلزلہ میں ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے بچے

ترجمان وزیراعلیٰ بلوچستان بابر یوسف زئی نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مکانات منہدم ہونے سے ایک ہی گھر کے تین بچے جاں بحق ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو بچیاں ایک اور بچہ شامل ہیں۔ جن کی شناخت 12 سالہ پلوشہ، 10 سالہ امینہ اور 8 سالہ سجاول  خان کے نام سے ہوئی۔

زلزلے کے نتیجے میں منہدم ہونے والی دیوار

جبکہ گھر کے ملبے سے تین خواتین کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا۔ زخمی خواتین کو کوئٹہ کے سول ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ بلوچستان بابر یوسفزئی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت پر چمن میں زلزلے کے باعث بائی پاس کے علاقے میں گھر میں ملبے تلے تین افراد کی ہلاکت اور زخمی ہونے والے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔

زلزلہ مرکز پیما کے مطابق زلزلے کی شدت 3 اعشاریہ 6 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز کوئٹہ سے 50 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا۔ جب کہ زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp