وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے موقف پر ڈٹ کر کھڑا رہا اور آج بھی ڈٹ کر کھڑا ہے، ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور ان چوروں، ڈاکوؤں سے اپنی قوم کو حقیقی آزادی دلائیں گے۔
صوابی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان ہمارے بچوں کے مستقبل کی جنگ لڑرہا ہے، بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ آج اگر ہم نے حقیقی آزادی نہ لی تو ہمیں آنے والی نسلیں معاف نہیں کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں صوابی میں تحریک تحفظ آئین کا پاور شو، ہم نے چوروں کی حکومت کا راستہ روکنا ہے، محمود اچکزئی
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ عمران خان نے ہمیں پرامن رہنے کا کہا ہے، ہم اگست کے آخری ہفتے یا ستمبر کے پہلے ہفتے میں اسلام آباد میں جلسہ کریں گے، اگر انتظامیہ نے اجازت نہ دی تو پھر جلسہ ڈی چوک میں ہوگا، ہمیں کسی کا باپ بھی روک نہیں سکتا۔
انہوں نے کہاکہ جب تک ہمارے اندر خون کا ایک قطرہ بھی موجود ہے، عمران خان کے لیے لڑیں گے۔ کیونکہ اپنے قائد کے لیے جان دینے والے ابھی موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ آج ملک میں دہشتگردی کا کوئی واقعہ ہو جائے تو افغانستان پر الزام لگایا جاتا ہے، میں سوال پوچھتا ہوں کیا تم نے ان کو مارنے کے لیے اڈے نہیں دیے تھے، تو کیا وہ تمہیں پھول بھیجیں گے۔
یہ بھی پڑھیں تحریک انصاف کا صوابی میں جلسہ، عمران خان نے اپنے خطاب میں کیا کہا؟
انہوں نے کہاکہ عمران خان کے دور میں بجلی کا یونٹ 16 روپے میں مل رہا تھا، جبکہ آج بجلی کا یونٹ 70 روپے کا ہوگیا ہے، اس کے علاوہ ہمارے دور میں پیٹرول 145 روپے تھا۔
واضح رہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل جماعتوں نے آج صوابی میں میدان سجایا، جس میں محمود خان اچکزئی، بیرسٹر گوہر سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی، جلسے میں خطاب کرنے والے رہنماؤں نے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔