اسرائیل نے ایک بار پھر غزہ کو 84 ناقابل شناخت بوسیدہ لاشیں واپس بھیج دیں

منگل 6 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیل نے غزہ سے فلسطینیوں کی 84 بوسیدہ لاشیں بغیر شناخت کے واپس بھیج دی ہیں، لاشوں کی تدفین کے لیے خان یونس کے ترک قبرستان میں اجتماعی قبرکھود دی گئی ہے۔ تاہم، لواحقین کا انتظار کیا جارہا ہے کہ وہ اپنے پیاروں کو اپنے ہاتھوں سے دفنائیں اور نماز جنازہ ادا کریں، لیکن لاشیں اتنی بوسیدہ ہوچکی ہیں کہ اب قابل شناخت ہی نہیں رہیں۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ کے قبرستان سے کھود کر نکالی گئی لاشوں کو 6مہینے قبضے میں رکھنے کے بعد واپس بھیج دیا گیا ہے۔ اسرائیلی آرمی نے لاشیں یہ جاننے کے لیے اپنے قبضے میں لے رکھی تھیں کہ اس میں 7اکتوبر کو حماس کے ہاتھوں اغوا ہونے والے اسرائیلی تو شامل نہیں ہیں۔

مزید پڑھیں: خان یونس میں اجتماعی قبر سے 50 فلسطینیوں کی لاشیں برآمد، رفح پر اسرائیلی حملے جاری

محکمہ صحت غزہ کے مطابق اسرائیل نے لاشوں کو ان کی قبروں میں سے کھود کر نکالا تھا۔ قبضے میں لی جانی والی لاشوں میں سے زیادہ تر لاشیں بوسیدہ ہوچکی ہیں، کہ ان کو پہچاننا انتہائی مشکل ہوچکا ہے۔

خان یونس میں قبرستان میں موجود ایک بے گھر ہونے والی فلسطینی خاتون ام القاسم کا کہنا ہے کہ ان کے والدین جنگ شروع ہوتے ہی شہید ہوچکے تھے، جن کی لاشیں اسرائیلی فورسز قبریں کھود کر اٹھا لے گئے۔ اطلاع ملی ہے کہ لاشیں واپس آچکی ہیں تو وہ اپنے والدین کو تلاش کرنے آئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ لاشیں اس قدر بوسیدہ ہوچکی ہیں کہ قابل شناخت ہی نہیں رہیں۔ انہوں نے روتے ہوئے کہا کہ اسرائیلیوں نے ان کے والدین کو مرنے کے بعد بھی آرام سے نہیں چھوڑا۔ ان کو لگتا ہے کہ آخری بار والدہ کا چہرہ دیکھنے کی ان کی یہ خواہش بھی پوری نہیں ہوسکے گی۔

خان یونس سے ہی تعلق رکھنے والے سول دفاع کے ایک کرنل یمین ابو سلیمان نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں ہمارے شہیدوں کی تفصیلات دی جائیں تاکہ ہم ان کے خاندان کو آگاہ کرسکیں، تاکہ وہ اپنے پیاروں کی نماز جنازہ ادا کرسکیں اور اپنے ہاتھوں سے دفنا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم انسانی حقوق کی عالمی تنظیم سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ لاشوں کی معلومات اکٹھی کرنے میں ہماری مدد کی جائے، اور بتایا جائے کہ کون سے قبرستان سے ان لاشوں کو کھود کر نکالا گیا ہے، تاکہ ان کی شناخت میں آسانی ہوسکے۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ پر اسرائیل کی بمباری، شہادتیں 10 ہزار سے تجاوز کرگئیں

میڈیا رپورٹس کے مطابق واپس بھیجی گئی لاشوں کے لیے خان یونس کے ترک قبرستان میں ایک بڑی قبر کھودی گئی ہے جہاں ان تمام لاشوں کو دفنا دیا جائے گا۔

واضح رہے یہ تیسرا موقع ہے کہ اسرائیل بوسیدہ لاشیں بغیر شناخت کے واپس بھجوا رہا ہے، اس سے قبل بھی 200 لاشیں ایسے ہی واپس کی جا چکی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp