مالی مشکلات کا شکار خیبرپختونخوا حکومت نے بلدیاتی نمائندوں کا اعزازیہ بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔
دستاویز کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تحصیل میئر اور چیئرمین کا اعزازیہ 100 فیصد بڑھایا جائے گا، جس کے مطابق تحصیل میئر 80 ہزار روپے ماہانہ وصول کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ بلوچستان ہائیکورٹ میں چیلنج
دستاویز میں سامنے آیا ہے کہ نیبر ہوڈ کونسل اور ویلج کونسل چیئرمین کا اعزازیہ 20 ہزار سے 30 ہزار تک کیا جائے گا۔
حکومت نے خیبرپختونخوا لوکل گورنمنٹ اجرات اور الاؤنس رولز 2022 میں تبدیلی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعزازیہ میں اضافے کا مقصد بلدیاتی نظام کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
دستاویز کے مطابق محکمہ خزانہ تحصیل میئر کے لیے سالانہ 344 ملین روپے سے زیادہ مختص کرےگا، جبکہ نیبر ہوڈ کونسل اور ویلج کونسل چیئرمین کے اعزازیہ کے لیے 2 ہزار 412 ملین روپے مختص کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں اسلام آباد اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پیشرفت، الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کے دفاتر کے لیے مختص ماہانہ کرایوں کی مد میں بھی فنڈز کا اجرا کیا جائے گا۔