بنگلہ دیش سپریم کورٹ بار کا بھارت سے شیخ حسینہ واجد کو واپس بھیجنے کا مطالبہ

بدھ 7 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش سپریم کورٹ بار نے بھارت سے شیخ حسینہ واجد کو واپس ڈھاکا بھیجنے کا مطالبہ کردیا۔ سپریم کورٹ بار کے صدر اے ایم محبوب الدین نے کہا کہ شیخ حسینہ بنگلہ دیش میں کئی لوگوں کی موت کی ذمہ دار ہیں اس لیے بھارت انہیں گرفتار کرکے وطن واپس بھیجے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش سپریم کورٹ بار کے صدر اے ایم محبوب الدین نے کہا کہ بھارت ملک سے فرار ہونے والی شیخ حسینہ واجد اور ان کی بہن کو گرفتار کرکے واپس بھیجے۔ ہم بھارت کے عوام کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔

مزید پڑھیں: حسینہ واجد کو محفوظ راستہ دیے جانے پر بنگلہ دیشی فوجی افسران برہم

سپریم کورٹ بار کے صدر کا کہنا تھا کہ شیخ حسینہ اور ان کی بہن شیخ ریحانہ فرار ہو کر بھارت گئی ہیں۔ شیخ حسینہ بنگلہ دیش میں کئی لوگوں کی موت کی ذمے دار ہیں اس لیے بھارت انہیں گرفتار کرکے وطن واپس بھیجے۔

دریں اثنا بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش سے فرار ہونے والی حسینہ واجد تاحال بھارت میں موجود ہیں، ان کی جانب سے فن لینڈ میں سیاسی پناہ کی درخواست کردی گئی ہے۔

شیخ حسینہ کی پارٹی کے 29 رہنماؤں کی لاشیں برآمد

دوسری جانب بنگلہ دیش میں پُرتشدد واقعات کے بعد شیخ حسینہ واجد کی سیاسی جماعت عوامی لیگ سے وابستہ 29 سے زائد افراد کی لاشیں ملی ہیں۔

بنگلہ دیشی اخبار کے مطابق ان لاشوں میں عوامی لیگ کے رہنما اور ان کے خاندان کے افراد کی لاشیں شامل ہیں، عوامی لیگ سے وابستہ افراد کے گھروں اور کاروباری مراکز میں توڑ پھوڑ اور لوٹ مار بھی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شیخ حسینہ کے اقتدار کا خاتمہ بھارت کے لیے باعث پریشانی کیوں؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ لاشیں شیخ حسینہ واجد کے ملک چھوڑنے کے بعد ملی ہیں جبکہ عوامی لیگ کے دفاتر اور رہنماؤں کے گھروں کو بھی مظاہرین نے جلا دیا ہے۔

واضح رہے میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تک بنگلہ دیش میں پُرتشدد مظاہروں کے دوران 300 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ تاہم، بنگلہ دیش میں ابھی حالات معمول پر آچکے ہیں، ٹریفک کی روانی اور مارکیٹیں معمول کے مطابق کھل چکی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp