پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس حتمی مراحل میں داخل ہوگیا ہے، اور استغاثہ کے آخری گواہ مقدمے کے تفتیشی آفیسر ڈپٹی ڈائریکٹر نیب میاں عمر ندیم کی شہادت پر جزوی جرح مکمل کرلی گئی۔
نیب نے 14 گواہوں کی شہادتوں کو غیرضروری قرار دے کر ترک کردیا، اب تک استغاثہ کے 34 گواہوں پر جرح مکمل کی گئی اور آخری گواہ پر جرح کل مکمل کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں پرویز خٹک کا بیان قلمبند، عمران خان کیوں مسکراتے رہے؟
وکلا صفائی کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کے تفتیشی آفیسر میاں عمر ندیم پر جرح کل بھی جاری رکھی جائے گی۔
دوسری جانب عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بریت کی درخواست دائر کردی ہے، جس پر عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کردیے۔
کیس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل ظہیر عباس چوہدری اور عثمان گل عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور امجد پرویز نے ٹیم کے ہمراہ پیروی کی۔
یہ بھی پڑھیں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور
ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی، جبکہ مزید سماعت کل تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔