گرل فرینڈ کی سالگرہ کا اہتمام اور آئی فون تحفے میں دینے کے لیے بیٹے نے ماں کے زیورات بیچ ڈالے

جمعرات 8 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت میں نویں جماعت کے لڑکے نے گرل فرینڈ کو آئی فون گفٹ کرنے کے لیے ماں کے سونے کے زیورات چرا لیے اور سالگرہ کی تقریب کا اہتمام کیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ جنوب مغرب دہلی کے علاقے نجف گڑھ میں پیش آیا۔

دہلی پولیس نے گزشتہ روز نجف گڑھ میں ایک نابالغ لڑکے کو گرفتار کیا ہے، کیونکہ نویں جماعت کے لڑکے نے اپنی گرل فرینڈ کو ایپل آئی فون خرید کردینے اور سالگرہ کی تقریب میں مالی معاونت کے لیے اپنی ماں کے زیورات چرا کر بیچ ڈالے۔

مزید پڑھیں: آئی فون نے کیسے پولیس کو 1800 موبائل چوری کرنے والے تک پہنچایا؟

پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب لڑکے کی ماں نے نامعلوم شخص کی طرف سے گھر میں چوری کی ایف آئی آر درج کرائی۔ تفتیش کے دوران، پولیس نے نویں جماعت کے طالب علم نوجوان کو مجرم کے طور پر شناخت کیا۔

دہلی پولیس کے مطابق، ملزم نے اپنی ماں کی سونے کی بالی، سونے کی انگوٹھی، اور سونے کی چین کاکرولا علاقے میں 2مختلف سناروں کو فروخت کی۔ اس نے رقم اس لڑکی کے لیے ایپل آئی فون خریدنے کے لیے استعمال کی، جس کے ساتھ وہ مبینہ طور پر تعلقات میں تھا۔

پولیس نے ایک سنار کو گرفتار کیا ہے جس کی شناخت کمل ورما (40 سال) کے طور پر کی گئی ہے اور اس کے پاس سے سونے کی ایک انگوٹھی اور بالی برآمد ہوئی ہے۔

3اگست کو ایک خاتون کی طرف سے گھر میں چوری کا واقعہ رپورٹ کیا گیا جس میں اس نے 2 اگست کو صبح 8 سے 3 بجے کے درمیان نامعلوم شخص کے ذریعہ اپنے گھر سے سونے کی 2چینیں، ایک جوڑا سونے کی بالیاں اور ایک سونے کی انگوٹھی چوری کرنے کی اطلاع دی۔

ڈپٹی کمشنر آف پولیس (دوارکا) انکت سنگھ کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج میں شکایت کنندہ کے گھر کے قریب کوئی مشتبہ سرگرمی نہیں دیکھی۔

’کرائم سین کی سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی گئی، لیکن واقعے کے وقت شکایت کنندہ کے گھر کے قریب کوئی مشتبہ سرگرمی نہیں پائی گئی۔ ٹیم نے کسی بھی سراغ کے لیے محلے کی مزید جانچ کی لیکن اس دوران کسی نے بھی کوئی مشکوک سرگرمی نہیں دیکھی‘۔

اس کے بعد پولیس نے تفتیش کا دائرہ کار جب گھر کی طرف موڑا تو معلوم ہوا خاتون کا نابالغ بیٹا جرم کے بعد سے لاپتا ہے۔ انہوں نے معلومات اکٹھی کرنا شروع کیں اور اس کے اسکول کے دوستوں سے پوچھ گچھ کی۔

پولیس ٹیم کو معلوم ہوا کہ ملزم نے 50ہزار روپے کا نیا آئی فون خریدا ہے۔ ٹیم نے دھرم پورہ، ککرولا اور نجف گڑھ میں اس کے ٹھکانوں پر کئی چھاپے مارے، لیکن ہر بار وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

منگل کو ایک اطلاع ملی کہ نابالغ شام 6 بجے کے قریب اپنے گھر آئے گا، جس کے بعد گھر کے قریب ایک جال بچھا دیا گیا۔ تلاشی کے دوران نوجوان کے قبضے سے ایک ایپل آئی فون موبائل برآمد ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: اے سی کا جادو، چوری بھول کر جائے واردات پر سوجانے والے چور کو پولیس نے جگایا

ابتدائی طور پر لڑکے نے اپنے ملوث ہونے سے انکار کیا، تاہم بعد میں اس نے اعتراف کیا کہ اس نے چوری شدہ سونا 2سناروں کو فروخت کیا تھا۔

ڈی سی پی نے کہا کہ نوجوان نے بتایا کہ وہ کلاس 9 کا طالب علم ہے اور نجف گڑھ کے ایک پرائیویٹ اسکول میں پڑھتا ہے۔ اس کے والد کی بیماری کی وجہ سے موت ہو گئی تھی اور اسے پڑھائی میں کوئی دلچسپی نہیں تھی اور اس نے اوسط نمبر حاصل کیے تھے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ اپنی گرل فرینڈ پر اس کی سالگرہ کے موقع پر ایک شاندار تاثر بنانے کے لیے، اس نے اپنی ماں سے رابطہ کیا کہ وہ اسے پیسے دے لیکن محدود وسائل کی وجہ سے، اس نے انکار کر دیا اور اسے اپنی پڑھائی پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ انکار پر ناراض ہو کر اس نے اپنے گھر سے پیسے چوری کرنے کا فیصلہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp